عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال میں ایک پولیس چوکی پر ہوئے خودکش بم دھماکے میں کم ازکم 12 افراد ہلاک جبکہ کم ازکم 32 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے ایک عہدیدار کے مطابق ایک پیدل خودکش حملہ آور نے کاظمیہ کے علاقے کے ایک مصروف داخلی راستے پر اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد میں دھماکا کر دیا۔
اس علاقے کی مکینوں کی اکثریت کا تعلق شیعہ برادری سے ہے۔
صحت کے شعبے کے ایک عہدیدار اور ایک پولیس اہلکار نے نام ظاہر نا کرنے کی شرط پر امریکی خبررساں ادارے 'اے پی' کو ہلاک و زخمی ہونے والوں کی تعداد کی تصیدیق کی ہے۔
اس حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی نے بھی قبول نہیں کی ہے تاہم یہ حملہ بھی شدت پسند تنظیم داعش کی طرف سے کیے جانے والوں حملوں سے مماثلت رکھتا ہے۔
عراق کے شمال اور مغرب میں واقع کئی علاقوں پر قابض شدت پسند گروپ داعش عراق کے زیادہ تر شیعہ اکثریتی آبادی کے علاقوں میں سکیورٹی فورسز اور عوامی مقامات کو نشانہ بناتا آ رہا ہے۔
گزشتہ سال کے اواخر سے داعش نے کئی علاقوں کا کنٹرول کھو دیا ہے اور گزشتہ ماہ عراقی فورسز نے فلوجہ شہر سے بھی اسے بے دخل کر دیا۔
تاہم یہ انتہا پسند گروپ تقریباً روزانہ بغداد کے اندر اور باہر بم دھماکے کر رہا ہے جب کہ یہ گروپ دیگر ملکوں میں حملوں میں بھی ملوث ہے۔