عراق: مسجد میں خود کش حملہ، 20 ہلاک

فائل

پولیس افسر نے صحافیوں کو بتایا کہ حملے میں ہلاک ہونے والوں میں سے اکثر مقامی دکاندار اور گاہک تھے جو نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد میں موجود تھے۔
عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایک مسجد کے اندر ہونے والے خود کش حملے میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق حملہ منگل کی شام وسطی بغداد کے مصروف کاروباری علاقے شورجا میں شیعہ مسلک کی ایک مسجد میں کیا گیا۔

ایک مقامی پولیس افسر کے مطابق خودکش حملہ آور کے جسم سے بندھا ہوا بم انتہائی طاقتور تھا جس میں بال بیئرنگ بھی استعمال کیے گئے تھے۔

پولیس افسر نے صحافیوں کو بتایا کہ حملے میں ہلاک ہونے والوں میں سے اکثر مقامی دکاندار اور گاہک تھے جو نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد میں موجود تھے۔

حملے میں کئی افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں جس کے باعث انہیں طبی امداد فراہم کرنے والے مقامی اسپتالوں کے عملے نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن عراق میں گزشتہ کئی ماہ سے شیعہ، سنی کشیدگی عروج پر ہے جس کے دوران فریقین کے انتہا پسند گروہ ایک دوسرے کی آبادیوں اور عباد گاہوں پر حملے کرتے آئے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے مطابق گزشتہ سال عراق میں پیش آنے والے فرقہ وارانہ اور دیگر پرتشدد واقعات میں آٹھ ہزار 800 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جو 2008ء کے بعد ایک سال کے عرصے کے دوران ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں تھیں۔