نیو یارک پولیس نے اُس شخص پر قتل کا الزام عائد کیا ہے، جس نے جمعرات کو شہر کے ’ٹائمز اسکوائر‘ پر راہگیروں پر کار چڑھا دی تھی، جس واقع میں ایک خاتون ہلاک جب کہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔
پولیس نے 26 برس کے ڈرائیور کی شناخت رچرڈ روجاس کے طور پر کی ہے، جو ماضی میں بھی نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کے الزام پر گرفتار ہوتا رہا ہے۔ اُن پر اقدام قتل کے 20 اور قتل عمد کے پانچ الزام عائد کئے گئے ہیں۔
نیو یارک کے محکمہٴ فائر برگیڈ کے مطابق، واقعے میں 22 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے چار کی حالت تشویش ناک ہے۔ لیکن، اُن کی زندگی کو خطرہ لاحق نہیں ہے۔ یہ بات نیو یارک کے فائر کمشنر، ڈئنئیل نیگرو نے ایک اخباری کانفرنس میں بتائی۔
ہلاک ہونے والی 18 برس کی خاتون کا تعلق مشیگن سے تھا، اور وہ سیاح تھی؛ جب کہ اُن کی بہن زخمیوں میں شامل ہے۔
دہشت گردی سے تعلق نہیں
نیو یارک سٹی پولیس کے مطابق، واقعے کا دہشت گردی سے نہیں لگتا، جس کی پولیس، ’ایف بی آئی‘ کی مدد سے تفتیش کر رہی ہے۔
نیویارک سٹی کے میئر، ڈی بلاسیو نے ایک اخباری کانفرنس میں بتایا کہ ’’اس لمحے تک موصول ہونی والی اطلاعات کے مطابق، بظاہر اس بات کا امکان نہیں کہ یہ کسی طور پر دہشت گردی کا واقعہ ہے‘‘۔
اُنھوں نے مزید کہا کہ ’’یہ کہنے کے باوجود، نیو یارک محکمہٴ پولیس کے انسداد دہشت گردی کے دستوں کی مدد سے، ہم نے شہر کے کلیدی مقامات پر چوکسی بڑھا دی ہے‘‘۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک سرخ رنگ کی ہونڈا سیڈان ’سائیڈ واک‘ پر چڑھ گئی، جس سے قبل یہ تیز رفتار گاڑی تین بلاک تک چلتی رہی، جس کے بعد یہ ’سکیورٹی بیرئر‘ سے جا ٹکرائی۔