نیو یارک میں عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ ’ٹائمز اسکوائر‘ پر ایک کار راہگیروں پر چڑھ گئی، جس واقع میں کم از کم ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
ذرائع ابلاغ نے نیو یارک سٹی پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ مزید 20 افراد زخمی ہوئے۔ لیکن، بظاہر اِس واقع کا دہشت گردی سے تعلق نہیں لگتا۔
عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔ ایف بی آئی کی مدد سے پولیس واقع کی تفتیش کر رہی ہے۔
صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو صورت حال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس پریس سکریٹری شان اسپائسر کے مطابق، صدر کو صورت حال سے متعلق مزید اپ ڈیٹ فراہم کی جاتی رہیں گی۔
پولیس نے علاقہ بند کر دیا ہے۔
چھبیس برس کے ڈرائیور کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ماضی میں وہ نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کے واقعات میں ملوث رہ چکا ہے۔ پولیس اس بات کا تجزیہ کر رہی ہے آیا ڈرائیونگ کرتے وقت وہ الکوہل کے زیر اثر تو نہیں تھا۔
براڈوے اور 45ویں اسٹریٹ پر سرخ رنگ کی یہ کار بجلی کے کھمبے سے جا ٹکرائی، جہاں سے موصول ہونے والی تصاویر سے پتا چلتا ہے کہ اُس کے دو پہئیے ہوا میں معلق ہیں۔
ٹائمز اسکوائر میں ریستوران، دکانیں اور تفریح گاہیں واقع ہیں، جو نیویارک شہر آنے والے سیاحوں کے لیے کشش کا باعث ہیں، جو روزانہ ہزاروں راہگیروں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔