بلوچستان: مستونگ میں خواتین اساتذہ کی گاڑی پر حملہ، فائرنگ سے چار زخمی 

ڈپٹی کمشنر مستونگ میجر (ر) الیاس کبزئی کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے خواتین اساتذہ کی گاڑی پر فائرنگ کی جس میں 15 کے قریب خواتین سوار تھیں اس واقعے میں چار زخمی خواتین کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ (فائل فوٹو)

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے چار خواتین اساتذہ زخمی ہوگئی ہیں۔

مستونگ کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق سہ پہر ایک بج کر 50 منٹ پر مستونگ کے نواحی علاقے پڑنگ آباد سے ایک اسکول وین 15 کے قریب خواتین اساتذہ کو کوئٹہ میں ان کے گھروں میں پہنچانے جا رہی تھی کہ دو نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے اس گاڑی پر فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں چار خواتین زخمی ہوئیں۔ جب کہ ڈرائیور سمیت باقی خواتین اس حملے میں محفوظ رہیں۔

ڈپٹی کمشنر مستونگ میجر (ر) الیاس کبزئی کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے خواتین اساتذہ کی گاڑی پر فائرنگ کی جس میں 15 کے قریب خواتین سوار تھیں اس واقعے میں چار زخمی خواتین کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

واقعے کے فوراً بعد لیویز اہلکار اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمی خواتین کو طبی امداد کے لیے مستونگ کے نواب غوث بخش میموریل اسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر مستونگ میجر (ر) الیاس کبزئی نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پر فائرنگ ذاتی دشمنی کا واقعہ نہیں لگتا۔ بلکہ شبہ ہے کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے۔

Your browser doesn’t support HTML5

بلوچستان کے بچوں کو انگریزی پڑھانے والے ننھے اساتذہ

اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والی چاروں خواتین میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔ جب کہ باقی تین زخمی اساتذہ کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق اس واقعے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے مستونگ کے علاقے پڑنگ آباد اور دیگر قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اس سے قبل بھی پولیو مہم میں خدمات انجام دینے والی خواتین رضاکاروں کو نشانہ بنانے کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں۔

سال 2019 میں بھی پاک افغان سرحدی علاقے چمن میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے خاتون پولیو ورکر کو قتل کر دیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ مستونگ میں خواتین اساتذہ پر فائرنگ کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق مستونگ فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والی خواتین اساتذہ کا تعلق کوئٹہ کے علاقے سریاب سے ہے۔