برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو کی ایک فٹبال اکیڈمی کے ہاسٹل میں آتش زدگی سے کم از کم 10 افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔
فائر فائٹرز کے مطابق واقعہ جمعے کی صبح پانچ بجے برازیل کے معروف فٹ بال کلب 'فلیمینگو' کے تربیتی کیمپ کے ایک کمرے میں اچانک آگ بھڑکنے سے پیش آیا جہاں 14 سے 16 سال کے عمر کے نوجوان کھلاڑی سو رہے تھے۔
آگ بجھانے والے ادارے کے ایک افسر لیفٹننٹ ڈگلس ہیناؤٹ نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ زخمیوں کو فوراً اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ عمارت میں پھنسے ہوئے 13 کھلاڑیوں کو بچا لیا گیا ہے۔
ان کے مطابق آگ پر دو گھنٹوں کی مسلسل کوشش کے بعد قابو پایا گیا۔
حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
اکیڈمی میں زیرِ تربیت ایک کھلاڑی فیلپ کارڈوسو نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ اچانک ایئر کنڈیشنر میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے کمرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ خدا کا شکر ہے کہ میں بڑی مشکل سے بھاگ کر نکلنے میں کامیاب ہوا۔
فلیمینگو کے صدر روڈالفو لینڈم نے آتشزدگی کو کلب کی 123 سالہ تاریخ کا سب سے الم ناک حادثہ قرار دیا ہے۔
فٹ بال برازیل میں جنون کی حد تک مقبول ہے۔ عالمی سطح پر کھیلنے والے برازیل کے چند مشہور کھلاڑیوں رونالڈینو، ببیتو اور روماریو کا تعلق بھی اسی فلیمینگو کلب سے رہا ہے۔