فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ایک پوش علاقے میں واقع رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 10 افراد ہلاک اور 36 زخمی ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق واقعہ پیر اور منگل کی درمیانی شب رو ارلنگر نامی علاقے میں ایک آٹھ منزلہ اپارٹمنٹ بلڈنگ میں پیش آیا۔
پیرس کی شہری حکومت کے ایک اہلکار کے مطابق آگ نصف شب کے قریب عمارت کی بالائی منزلوں پر لگی جس پر درجنوں فائر فائٹرز نے کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد قابو پایا۔
ہلاک ہونے والے تمام افراد عمارت کے رہائشی ہیں جن میں بعض اطلاعات کے مطابق ایک بچہ بھی شامل ہے۔
پولیس نے کہا ہے کہ انہیں شبہ ہے کہ آگ جان بوجھ کر لگائی گئی تھی اور انہوں نے تحقیقات کے سلسلے میں ایک خاتون کو حراست میں لیا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار خاتون کی عمر 40 کے پیٹے میں ہے اور وہ ماضی میں نفسیاتی امراض کا شکار رہ چکی ہیں۔
پیرس میں ایک ماہ کے دوران آتشزدگی کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ گزشتہ ماہ شہر کے وسطی علاقے میں گیس پائپ لائن میں دھماکے سے دو فائر فائٹرز سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
واقعے میں 40 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔