'حق حقدار تک' خیرات و عطیات دہشت گردوں کے ہاتھ لگنے سے بچانے کی مہم

پاکستان کشمیر میں ٹیررسٹ فنانسنگ روکنے کے لیے سرکاری مہم

روشن مغل

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں صدقات، زکواۃ اور عطیات کے صحیح استعمال اور فنڈز دہشت گردوں کے ہاتھوں میں جانے سے روکنے کے لیے آگاہی کی ایک مہم شروع کی گئی ہے۔

اس مہم کے دوران سیاحت کے ذریعے اس سلسلے میں شعور اجاگر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ہفتے کے روز پاکستان کی وزارت اطلاعات کی طرف سے' حق حقدار تک' کے تحت پاکستانی کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سے راولاکوٹ تک سیاحتی جیپ ریلی منعقد کی گئی ۔

حق حقدار پروگرام کے کوآرڈینیٹر امتیاز اعوان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ اس کا مقصد عوام کے اندر اس بارے میں شعور بیدار کرنا ہے کہ ان کی دی ہوئی خیرات اور صدقات مستحق افراد کے پاس ہی جائیں اوروہ دہشت گردی کے کاموں میں استعمال نہ کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی روک تھام کے حوالے سے ، زکواة، صدقات اور عطیات کے درست استعمال کے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے سیمینار اور دیگر تقاریب بھی منعقد کی جارہی ہیں ۔

تاہم دینی مدارس کے منتظمین کو اعتراض ہے کہ اس پروگرام میں مساجد اور مدارس کی معاونت کے خلاف بھی ترغیب شامل ہے۔

حق حقدار تک پروگرام کے بارے مذہبی راہنما محمود الحسن اشرف نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ خیرات زکواۃ اور صدقات کی رقم سے ہیلی کاپٹر بھی خریدے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کے ذریعے مساجد اور مدارس کو نشانہ بنانے سے گریز کیا جائے۔