تھائی لینڈ: حکومت مخالف مظاہرے

تھائی لینڈ کے دار الحکومت بنکاک میں ہزاروں مظاہرین موجودہ حکومت کے اقتدار سے الگ ہونے اور نئے انتخابات کے مطالبے کے لیے مظاہرے کر رہے ہیں ۔ مظاہرین نے اپنے مطالبوں کی تکمیل کے لیے ایک دن کی مہلت دی ہے ۔

ہزاروں حکومت مخالف مظاہرین، تھائی وزیر اعظم ابھیست ویجاجھیوا کی حکومت کا تختہ الٹنے کے مقصد سے مظاہرے کرنے کے لیے تھائی دارالحکومت بنکاک میں اکٹھے ہو گئے ہیں ۔

مظاہرین نے اپنی ریلی اتوار کے روز شروع کی تھی اور اُن کا کہنا ہے کہ وہ بنکاک میں کئی روز تک اپنے پُر امن مظاہرے جاری رکھیں گے ۔

سرخ قمیصوں میں ملبوس مظاہرین جھنڈے لہراتے اور نعرے لگاتے ہوئے کئی روز سے شہر پہنچ رہے ہیں ۔

اُن میں سے بہت سے سابق وزیر اعظم تھاکسن شین وترا کے حامی ہیں، جِن کی حکومت 2006 ء میں ایک فوجی انقلاب کے ذریعے ختم کر دی گئی تھی۔ مسٹر تھاکس اِس وقت دوبئی میں جلا وطن ہیں لیکن وہ ابھی تک تھائی لینڈ کے غریبوں اور دیہی آبادی میں مقبول ہیں ۔ اُن کے حامی نئے انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں جِن کے بارے میں اُن کو توقع ہے کہ وہ مسٹرتھاکسن کو اقتدار میں واپس لے آئیں گے ۔ اُنہوں نے اپنے مطالبے کی تکمیل کےلیے پیر تک کی مہلت دی ہے ۔

اتوار کے روز وزیر اعظم ابھیست نے کہا کہ اُن کا اقتدار سےالگ ہونے یا پارلیمنٹ کوتحلیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ۔ اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت مظاہرین کی پکڑ دھکڑ کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی ۔

بنکاک میں امن و امان برقرار رکھنےکے لیے سیکیورٹی کے پچاس ہزار اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں ۔