’دی انٹرویو‘ 4 دن میں ڈیڑھ کروڑ ڈالر کا بزنس

فلم نے صرف چار ہی دن میں ایک کروڑ پچاس لاکھ ڈالر سے زیادہ کا بزنس کیا، جبکہ فلم کی آن لائن ریلیز نے بھی نیا کمال کر دکھایا۔ فلم ’یو ٹیوب‘ سے 20 لاکھ سے زائد مرتبہ ڈاوٴن لوڈ کی گئی

سونی پکچرز کی تنازعات میں گھری فلم ’دی انٹرویو‘ آخر کار ریلیز ہوگئی اور ریلیز ہوتے ہی نئے ریکارڈ بنا گئی۔ فلم نے صرف چار دن میں ایک کروڑ پچاس لاکھ ڈالر سے زیادہ کا بزنس کیا جبکہ فلم کی آن لائن ریلیز نے بھی نیا کمال کردکھایا۔ فلم ’یو ٹیوب‘ سے 20 لاکھ سے زائد مرتبہ ڈاوٴن لوڈ کی گئی۔

’بزنس ٹو کمیونٹی‘ کے مطابق، فلم کی تیاری پر 44لاکھ ڈالرزخرچ ہوئے تھے۔ لیکن، چار ہی دن میں فلم ایک کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کا ہندسہ عبور کر گئی۔

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ کے قتل کی فرضی سازش پر مبنی فلم ’دی انٹرویو‘ کی ریلیز سونی پکچرز پر سائبر حملوں کے بعد روک دی گئی تھی۔

’گارجین آف پیس‘ نامی ہیکرز گروپ کے سائبر حملے میں سونی پکچرز کی بعض آنے والی فلموں کے اسکرپٹ، خفیہ ای میلز اور اداکاروں کے معاوضوں کے راز افشا کر دئیے گئے تھے، جبکہ تھیٹرز پر حملوں کی دھمکی بھی دی گئی تھی۔

سائبرحملوں کے بعد امریکا اور کینیڈا کی پانچ بڑی مووی چینز نے فلم کو سینما گھروں سے ہٹا دیا تھا۔ لیکن، بعد میں سونی پکچرز نے اسے محدود پیمانے پر ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا۔

سونی پکچرز نے ’دی انٹرویو‘ کو مختلف پورٹلز کو کرائے پر دیا جس، میں یوٹیوب بھی شامل ہے، جبکہ 331 انڈیپنڈنٹ تھیٹرز میں بھی فلم ریلیز کی گئی۔

فلم انڈیپینڈنٹ لوکیشنز پر اب تک 28 لاکھ ڈالر سے زیادہ کما چکی ہے۔

فلم کے ڈائریکٹر سیٹھ روجن نے میڈیا کو جاری بیان میں فلم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے فلم کو دیکھا اور پسند کیا۔

سونی کے ورلڈ وائیڈ ڈسٹری بیوشن کے صدر روری بروئر کا کہنا تھا ’فلم جس طرح تھیڑز پر رش لے رہی ہے ،آن لائن بھی تمام چارٹس پر نمبرون ہے ۔۔یہ بہت خوشی کی بات ہے۔‘