بافٹا ایوارڈز کی شام 'دی پاور آف دی ڈوگ' اور 'ڈیون' کے نام

اتوار کو لندن کے رائل البرٹ ہال میں پچھترویں بافٹا ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں فن کاروں نے ریڈ کارپٹ کی رونقیں بڑھائیں۔ گزشتہ برس عالمی وبا کرونا وائرس کی وجہ سے ایوارڈز کی تقریب ورچوئل منعقد کی گئی تھی۔

ہالی وڈ میں ایوارڈز سیزن کا آغاز ہو چکا ہے اور اب سب کی نظر فلم نگری کے سب سے معتبر ایوارڈز 'آسکرز' پر مرکوز ہیں۔ 'آسکرز' سے قبل ہونے والے متعدد ایوارڈز کے فاتحین کے ذریعے اس بات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کون کون سی فلمیں اور فن کار ہالی وڈ کے سب سے بڑے ایوارڈز کی ریس میں ہیں۔

اتوار کو برٹش اکیڈمی فلم ایوارڈز (بافٹا) کے فاتحین کا اعلان کیا گیا ہے جس میں نیٹ فلکس کی ویسٹرن فلم 'دی پاور آف دی ڈوگ' نے بہترین فلم اور بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

اس کے علاوہ سائنس فکشن فلم 'ڈیون' رنگا رنگ شام میں سب سے زیادہ یعنی پانچ ایوارڈز حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

اتوار کو لندن کے رائل البرٹ ہال میں پچھترویں بافٹا ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں فن کاروں نے ریڈ کارپٹ کی رونقیں بڑھائیں۔ گزشتہ برس کرونا وائرس کی وجہ سے ایوارڈز کی تقریب ورچوئل کی گئی تھی۔

بافٹا ایوارڈز برطانیہ کی اکیڈمی آف فلم اینڈ ٹیلی وژن آرٹس کی جانب سے دیا جاتا ہے۔ اتوار کو ہونے والی تقریب میں ایوارڈز اپنے نام کرنے والے فاتحین کی فہرست۔

بہترین فلم

بافٹا ایوارڈز کی شام کا سب سے بڑا یعنی 'بہترین فلم' کا ایوارڈ 'دی پاور آف دی ڈوگ' کے نام رہا۔

بہترین ہدایت کار

فلم 'دی پاور آف دی ڈوگ' کے لیے بہترین ہدایت کارہ جین کیمپئن قرار پائے۔

بہترین اداکارہ

بہترین اداکارہ کا ایوارڈ فلم ’آفٹر لو‘ کے لیے اداکارہ جواینا اسکین لن کے نام رہا۔

بہترین اداکار

اداکار وِل اسمتھ کو فلم 'کنگ رچرڈ' کے لیے بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

معاون اداکار

بافٹا ایوارڈز کی رنگا رنگ شام میں اداکار ٹروئے کوٹزر کو فلم 'سی او ڈی اے' کے لیے معاون اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

معاون اداکارہ

اداکارہ ایریانا ڈیبوس کو فلم 'ویسٹ سائیڈ اسٹوری' کے لیے معاون اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

بہترین اینی میٹڈ فلم

بہترین اینی میٹڈ فلم کا ایوارڈ 'اینکانٹو' کے نام رہا۔

آؤٹ اسٹینڈنگ برٹش فلم

آؤٹ اسٹینڈنگ برٹش فلم کی کیٹگری میں 'بلفاسٹ' ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہی۔

اوریجنل اسکور

اوریجنل اسکور کا ایوارڈ فلم 'ڈیون' کے نام رہا۔

اوریجنل اسکرین پلے

اوریجنل اسکرین پلے کی کیٹیگری میں فلم 'لیکورش پیزا' ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

ایڈاپٹڈ اسکرین پلے

ایڈاپٹڈ اسکرین پلے کا ایوارڈ فلم 'سی او ڈی اے' کے نام رہا۔