ترکی: کشتی ڈوبنے سے 35 تارکینِ وطن ہلاک

فائل

ترک حکام کے مطابق دونوں حادثے پیر کو ترکی کے ساحل کے نزدیک پیش آئے جن میں ہلاک ہونے والوں میں 11 بچے بھی شامل ہیں۔

ترکی سے بحیرۂ ایجئن کے راستے یونان پہنچنے کی کوشش کرنے والے تارکینِ وطن سے لدی دو کشتیاں ڈوبنے سے کم از کم 35 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ترک حکام کے مطابق دونوں حادثے پیر کو ترکی کے ساحل کے نزدیک پیش آئے جن میں ہلاک ہونے والوں میں 11 بچے بھی شامل ہیں۔ ترک ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ دونوں کشتیوں کی منزل یونان کا جزیرہ لیسبوس تھا۔

ترک کوسٹ گارڈز نے دونوں کشتیوں میں سوار سات افراد کو بچالیا ہے جب کہ ڈوبنے والے مسافروں کی لاشیں تلاش کرنے کے لیے ہیلی کاپٹروں اور ترک بحریہ کی کشتیاں علاقے میں سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔

پیر کو پیش آنے والے دونوں حادثات کے بعد رواں سال سمندر کے راستے ترکی سے یورپ پہنچنے کی کوشش میں ہلاک ہونے والے تارکینِ وطن کی تعداد 400 کے قریب پہنچ گئی ہے۔

شام میں جاری خانہ جنگی کے باعث بے گھر ہونے والے لاکھوں شامی باشندوں کی اکثریت ترکی کے راستے یونان پہنچنے کی کوشش کرتی ہے اور گزشتہ سال اس راستے سے نو لاکھ سے زائد مہاجرین یورپ پہنچے تھے۔

یورپ پہنچنے والے ان مہاجرین میں شام کے علاوہ مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے جنگ زدہ اور خانہ جنگی کا شکار ملکوں کے تارکینِ وطن بھی شامل تھے۔

عالمی ادارۂ مہاجرین کے مطابق رواں سال یکم جنوری سے اب تک سمندر کے راستے لگ بھگ 75 ہزار سے زائد مہاجرین اور تارکینِ وطن اٹلی اور یونان پہنچ چکے ہیں۔