پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کو مزید تین کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کو غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔
پی ایس ایل 6 میں شریک چھ کھلاڑیوں اور ایک سپورٹنگ اسٹاف کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ متاثرہ کھلاڑیوں میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
بائیو ببل کے باوجود کرونا کیسز میں اضافے کے باعث پی سی بی نے جمعرات کو ایونٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس حوالے سے پی سی بی نے تمام فرنچائز مالکان کو ورچوئل اجلاس میں اعتماد میں بھی لیا ہے۔
بیس فروری سے شروع ہونے والے ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جانے تھے۔ تاہم ایونٹ میں اب تک صرف 14 میچز ہی کھیلے گئے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) وسیم خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی ذمہ داری ہے کہ وہ کھلاڑیوں کو مکمل محفوظ ماحول فراہم کرے۔ لیکن یکے بعد دیگرے کیسز سامنے آنے کے بعد پی ایس ایل کو ملتوی کرنا ضروری ہو گیا تھا۔
وسیم خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے التوا سے بورڈ، کھلاڑیوں اور فرنچائزز سمیت شائقین کو یقینی طور پر مایوسی ہو گی۔
بورڈ حکام کے مطابق کھلاڑیوں کو بائیو سیکور ببل فراہم کیا گیا تھا لیکن اس میں بھی وائرس کے داخلے کے امکانات کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم اس بارے میں آزادنہ تحقیقات کے بعد ہی وجوہات معلوم ہوپائیں گی۔ تاہم اس وقت کھلاڑیوں بشمول لیگ کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ لیگ کے بقیہ میچز کسی اور وقت میں کھیلنے پر اتفاق ہوا ہے۔
بائیو سیکیور ببل میں رہنے کے باوجود پیر کو آسٹریلوی کرکٹر فواد احمد کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ہی ایونٹ کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے تھے۔
بعدازاں منگل کو مزید دو غیر ملکی کھلاڑیوں اور ایک سپورٹنگ اسٹاف میں کرونا کی تشخیص ہوئی اور جمعرات کو پی سی بی نے اپنے ایک اعلامیے میں مزید تین کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔
پی سی بی کے مطابق کرونا کے نئے متاثرہ کھلاڑیوں میں بدھ کی شام کرونا کی علامات ظاہر ہوئی تھیں جن کے بعد اُن کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا۔
SEE ALSO: پی ایس ایل 6: مزید 2 غیر ملکی کھلاڑی کرونا کا شکار، منتظمین ایونٹ مکمل کرنے کے لیے پرامیدپی سی کا کہنا تھا کہ متاثرہ کھلاڑی بدھ کو کھیلے جانے والے میچز میں شامل نہیں تھے۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں بدھ کو دو میچز کھیلے گئے تھے۔ پہلا میچ پشاور زلمی اور کراچی کنگز جب کہ دوسرا مقابلہ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہوا تھا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ کرونا کے شکار تینوں کھلاڑی آئندہ 10 روز تک قرنطینہ یعنی تنہائی میں رہیں گے۔
یاد رہے کہ آسٹریلوی کھلاڑی فواد احمد کا پیر کو کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اس روز کھیلا جانے والا اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان شیڈول میچ اگلے روز تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔
Your browser doesn’t support HTML5
پی سی بی کے میڈیا ڈائریکٹر سمیع برنی کا منگل کو پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ بائیو ببل میں موجود تمام افراد کے کرونا ٹیسٹ جمعرات سے ہوں گے جن میں کھلاڑیوں کے علاوہ سپورٹنگ اسٹاف، میچ آفیشلز، سیکیورٹی افسران اور کھلاڑیوں کی فیملی پر مشتمل 300 افراد شامل ہیں۔