رسائی کے لنکس

پی ایس ایل 6: لاہور قلندرز کا اچھا آغاز، پہلے میچ میں زلمی کو شکست


لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو اؤٹ کیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو اؤٹ کیا۔

پاکستان سپر لیگ سیزن چھ کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو چار وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا ہے۔

اتوار کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بہتر ثابت ہوا۔ پشاور کی جانب سے روی بوپارا نے 50 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ شعیب ملک اور ردرفورڈ نے 26، 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں تھا۔ امام الحق کھاتا کھولے بغیر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بین ڈنک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ کامران اکمل بھی صرف پانچ رنز بنا کر چلتے بنے۔ اُنہیں سلمان مرزا نے آؤٹ کیا۔

حیدر علی بھی بغیر کوئی رنز بنائے سلمان مرزا کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

سینئر بلے باز شعیب ملک اور روی بوپارا نے زلمی کی اننگز کو سہارا دیا۔ تاہم جب مجموعی اسکور 110 رنز ہوا تو شعیب ملک نصف سینچری مکمل کرنے کے بعد ڈیوڈ ویزے کا شکار بنے۔

زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں قلندرز کو جیتنے کے لیے 141 رنز کا آسان ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور سہیل اختر نے محتاط آغاز کیا۔ فخر زمان 15 جب کہ کپتان سہیل اختر 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پشاور کی اُمیدیں روشن ہوئیں۔ تاہم محمد حفیط اور آغا سلمان لاہور کو کامیابی کے قریب لے آئے۔ دونوں نے بالترتیب 33 اور 21 رنز بنائے۔

وہاب ریاض چار اوورز میں 30 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے نمایاں رہے۔ قلندرز نے مطلوبہ ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

شاہین شاہ آفریدی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس سے قبل ہفتے کو افتتاحی میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دی تھی۔

کرونا وبا کے باعث محدود تعداد میں شائقین کو گراؤنڈ میں آنے کی اجازت دی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG