دنیا بھر میں مقبول ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم'ٹک ٹاک' نے اپنے کریئٹرز یعنی تخلیق کاروں کے لیے 'لائیو سبسکرپشن' کا نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔ جس سے صارفین کو اپنے پسندیدہ کریئٹرز کی لائیو اسٹریم دیکھنے کے لیے سبسکرپشن حاصل کرنا ہوگی۔
ویڈیو پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے پیر کو اپنے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ لائیو سبسکرپشن کا فیچر متعارف کیا جا رہا ہے جو ٹک ٹاک پر ایک ماہانہ سبسکرپشن ہے اور ا س فیچر کے ذریعے صارفین اپنے پسندیدہ لائیو کریئٹرز کے ساتھ رابطے میں بھی رہ سکیں گے۔
ٹک ٹاک کے مطابق لائیو سبسکرپشن ابتدائی طور پر صرف ایسے کریئٹرز کے لیے ہوگی جنہیں خود مدعو کیا جائے گا۔ اس فیچر کا آغاز رواں ماہ ہی ہوجائے گا جب کہ آنے والے مہینوں میں یہ عالمی سطح پر دستیاب ہوگا۔
اپنے بلاگ پوسٹ میں ٹک ٹاک کا کہنا تھا کہ لائیو سبسکرپشن تخلیق کاروں کو مونیٹائزیشن کے متنوع مواقع پیدا کرنے کی کوشش ہےجو تخلیق کاروں کی ضروریات کی حد کے مطابق ہے۔
ٹک ٹاک کی جانب سے سبسکرپشن کی قیمت کا ابھی نہیں بتایا گیا ہے مگر خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق انسٹاگرام اور فیس بک جیسے ٹک ٹاک حریفوں نے رقم کمانے کے لیے اسی طرح کے ٹولز شامل کیے ہیں۔
مزید پڑھیے ٹک ٹاک، ایک نیا میدانِ جنگٹک ٹاک کے بقول لائیو سبسکرپشن کریئٹرز کو اپنی کمیونٹی میں اضافہ کرتے ہوئے اپنی کمائی بڑھانے کا موقع فراہم کرتی ہے، اس کے علاوہ یہ مصروف کمیونٹیز کو مستقل بنیادوں پر اپنے پسندیدہ تخلیق کاروں کا شکریہ ادا کرنے کا بھی موقع فراہم کرتی ہے۔
یاد رہے کہ ٹک ٹاک کو اپنے صارفین کی جانب سے یہ شکایت رہی ہے کہ وہ اپنے تخلیق کاروں کے مواد کو مؤثر طریقے سے مونیٹائز کرنے کے لیے موقع فراہم نہیں کرتا۔
ٹک ٹاک کی جانب سے لائیو سبسکرپشن کرانے والوں کو کچھ خاص سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، جن میں سبزکرائبر بیجز، کسٹم اموٹس یعنی اپنی مرضی کے جذبات اور سبزکرائبر اونلی چیٹ کا فیچر شامل ہے۔
سبزکرائبر بیجز کے ذریعے سبزکرائبر کو بیجز موصول ہوں گے جو ان کے ناموں کے ساتھ ان کی پروفائل پر نظر آئیں گے اور وقت کے ساتھ ساتھ اپ گریڈ ہوتے رہیں گے۔
Your browser doesn’t support HTML5
اس کے علاوہ سبزکرائبر کو لائیو سیشن کے دوران کریئٹرز کی جانب سے ڈیزائن کردہ خصوصی ایموٹس (جذبات) تک رسائی حاصل ہوگی تاکہ کمیونٹیز کو ایک ساتھ لایا جاسکے اور وہ اپنے سیشنز کو مزید پرجوش بنا سکیں۔
لائیو سبسکرپشن کرانے والے صارفین کو سبزکرائبر اونلی چیٹ تک بھی رسائی ہوگی۔ جب چیٹ کا یہ فیچر آن ہوگا تو تخلیق کاروں اور ان کے سبزکرائبر کو ایک دوسرے تک خاص رسائی حاصل ہوگی۔ یہ فیچر تخلیق کاروں اور سبسکرائب کرنے والوں کے درمیان ذاتی تعلق کو مزید فروغ دے گا۔
ٹک ٹاک نے لائیو سبسکرپشن فیچر تک رسائی کے لیے کچھ شرائط بھی رکھی ہیں جس کے مطابق کریئٹرز کی عمر 18 سال ہونا لازمی ہے اور اس کے کم از کم ایک ہزار فالوورز ہونے چاہئیں۔ اس کے علاوہ سبسکرپشن خریدنے والے اور کوائنز و گفٹس بھیجنے یا وصول کرنے والے صارفین کی عمر بھی 18 سال سے زائد ہونا ضروری ہے۔
ٹک ٹاک کریئٹز کی جانب سے پوسٹس کی گئی ویڈیو کلپس کے مطابق کچھ کیسز میں سبزکرائبر کو لائیو سیشن کے دوران کیمرا اینگلز کو کنٹرول کرنے کی بھی اجازت ہوگی۔
اس خبر میں شامل بعض مواد خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے لیا گیا ہے۔