اولمپکس گیمز کے آغازسے ایک سال پہلے ہی اس کے اب تک 32 لاکھ ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں جبکہ مزید 2 لاکھ افراد نے ٹکٹوں کی خریداری کے لیے درخواست دی ہے۔
ٹکٹوں کی بڑے پیمانے پر خریداری ظاہر کرتی ہے کہ دنیا بھر میں پھیلے کھیلوں کے شائقین ان گیمز کے حوالے سے ابھی سے پُر جوش نظر آ رہے ہیں۔
سال 2020 کے اولمپک گیمز ٹوکیو میں 24 جولائی سے شروع ہوکر 9 اگست تک جاری رہیں گے۔
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس بک نے دنیا بھر کے ایتھلیٹس کو ان کھیلوں میں شرکت کے لیے علامتی دعوت نامے بھی جاری کر دیے ہیں۔
ان ممالک میں یونان، چین، فرانس، امریکہ، سینیگال، آسٹریلیا اور خود جاپان شامل ہیں۔
گزشتہ روز کھیلوں میں کامیاب کھلاڑیوں کو دیے جانے والے میڈلز کی ایک تقریب میں باقاعدہ رونمائی ہوئی۔
اس موقع پر انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس بک کا کہنا تھا کہ ایک سال بعد جاپان کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوگا۔ جاپان کو دنیا بھر کی میزبانی کا شاندار اور منفرد موقع مل رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کھیلوں کے ذریعے جاپان کی صدیوں پرانی تاریخ اور روایات، معاشرے کی جدت طرازی، ثقافت، مہمان نوازی اور کھیلوں سے محبت کے اظہار کا بھرپور موقع ملے گا۔