رسائی کے لنکس

2020 ٹوکیو اولمپکس کے ٹکٹوں کی فروخت شروع


2020 کے ٹوکیو اولمپک کھیلوں کے مسکوٹ
2020 کے ٹوکیو اولمپک کھیلوں کے مسکوٹ

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں 2020 کے اولمپک کھیلوں کی انتظامیہ نے آج جمعرات کے روز ایک ویب سائٹ پورٹل جاری کر دیا ہے جس کے ذریعے کھیلوں میں شامل مختلف ایونٹس کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہو گئی ہے۔

ان گرمائی اولمپکس میں 33 مختلف کھیلوں کے کل 339 ایونٹس منعقد ہوں گے۔ آن لائن پورٹل پر ان تمام ایونٹس کے لیے ٹکٹوں کی کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ شرح درج کی گئی ہے۔

سب سے سستے ٹکٹ 2,500 جاپانی ین یعنی تقریباً 22 ڈالر میں فروخت ہوں گے جب کہ سب سے زیادہ مہنگے ٹکٹوں کی قیمت تین لاکھ ین یعنی تقریباً 2679 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ یہ مہنگے ترین ٹکٹ اولمپکس کی افتتاحی تقریب کی بہترین سیٹوں کے لیے ہیں۔

آن لائن پورٹل میں کھیلوں کے تمام ایونٹس کی تاریخیں اور اُن کے اوقات بھی شامل کیے گئے ہیں۔ توقع ہے کہ جاپانی شہری بہت زیادہ تعداد میں ٹکٹ خریدنے کے خواہش مند ہوں گے۔ لہذا انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ جاپانی شہریوں کے لیے ٹکٹوں کی فروخت قرعہ اندازی کے ذریعے کی جائے گی۔

100 میٹر فائنل کے ٹکٹ حاصل کرنے والے خوش نصیبوں کو 130,000 ین یعنی 1161 ڈالر ادا کرنے پڑیں گے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ کل دستیاب ٹکٹوں کا نصف 8,000 ین (72 ڈالر) یا اس سے بھی کم قیمت میں فروخت کئے جائیں گے، جب کہ جاپانی خاندانوں، سینئر سٹزنز یا معذور شائقین کے لیے ٹکٹوں کی شرح 2020 ین (18 ڈالر) رکھی گئی ہے۔

جاپانی شہریوں کے لیے ٹکٹوں کی قرعہ اندازی 9 سے 28 مئی کے درمیان کی جائے گی جبکہ غیر ملکی اپنے اپنے ملک میں مقررہ ٹکٹ فروخت کنندگان سے 15 جون کے بعد ٹکٹ خرید سکیں گے۔

ویب سائٹ پر دستیاب ٹکٹوں کی کل تعداد ظاہر نہیں کی گئی ہے کیونکہ ان دنوں کھیلوں کے لیے جو سٹیڈیم تیار کئے جا رہے ہیں، اُن میں شائقین کی کل گنجائش کا ابھی اندازہ نہیں لگایا گیا۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ کل ٹکٹو کی تعداد 78 لاکھ کے لگ بھگ ہو گی۔

2020 ٹوکیو اولمپکس کے مقابلے 24 جولائی سے 9 اگست تک جاری رہیں گے۔

XS
SM
MD
LG