سال 2022 انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے خاصا اچھا سال رہا کیوں کہ رواں برس لوگوں نے سنیما گھروں کا دوبارہ رخ کرنا شروع کیا۔ اس سال فلم انڈسڑی کے لیے سب سے بڑا چیلنج شائقین کو سنیما میں واپس لانا تھا جو گزشتہ دو برس کرونا کی وجہ سے ویران تھے۔
فلم بینوں کو سنیما کی طرف راغب کرنے کے لیے اس سال کئی فلمیں ریلیز کی گئیں جن میں سے چند نے تو ریکارڈ توڑ بزنس کیا۔
ٹام کروز کی فلم 'ٹاپ گن: میورک'، 'دی بیٹ مین' اور بالی وڈ فلم 'کے جی ایف: چیپٹر ٹو' سمیت کئی دیگر فلموں نے شائقین کو سنیما آنے پر مجبور کیا۔
اس سال سرچ انجن 'گوگل' پر دنیا بھر میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلموں کا جائزہ لیتے ہیں۔
1۔ تھور: لو اینڈ تھنڈر
اس سال گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلموں میں پہلے نمبر پر مارول اسٹوڈیوز کی فلم 'تھور: لو اینڈ تھنڈر ہے۔ یہ فلم آٹھ جولائی 2022 کو سنیما گھروں کی زینت بنی تھی۔
فلم نے باکس آفس پر دنیا بھر سے 70 کروڑ ڈالرسے زائد کا بزنس کیا تھا۔
فلم میں اداکار کرس ہیمسورتھ، کرسٹیان بیل اور اداکارہ نیٹلی پورٹ سمیت دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
2۔ بلیک ایڈم
گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی ٹاپ 10 فلموں میں دوسرے نمبر پر 'بلیک ایڈم' ہے۔
یہ فلم رواں برس 21 اکتوبر کو ریلیز ہوئی تھی جس میں دی راک کے نام سے پہچانے والے اداکار ڈوین جانسن نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
بلیک ایڈم نے دنیا بھر سے 30 کروڑ ڈالر سے زائد کا بزنس کیا ہے۔
فلم میں دی راک سمیت باند پیئرس بروسنن اور ایلڈس ہوج نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
3۔ ٹاپ گن: میورک
گوگل کی سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلموں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ٹام کروز کی فلم 'ٹاپ گن: میورک' ہے۔
'ٹاپ گن: میورک' 27 مئی کو ریلیز ہوئی تھی جس نے دنیا بھر سے ایک ارب ڈالر سے زائد کا بزنس کیا تھا۔
امریکی نیوی کے اشتراک سے بننے والی فلم 'ٹاپ گن: میورک' میں ہالی ود اسٹار ٹام کروز نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ 36 برس قبل بھی 'ٹاپ گن' کے ہیرو ٹام کروز ہی تھے۔
4۔ دی بیٹ مین
'دی بیٹ مین' چار مارچ کو دنیا بھر میں ریلیز کی گئی تھی اور اب یہ فلم سال 2022 میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلموں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آئی ہے۔
فلم نے دنیا بھر سے 70 کروڑ ڈالر سے زائد کا بزنس کیا تھا۔ فلم میں 'بیٹ مین' کا کردار اداکار رابرٹ پیٹن سن نے کیا تھا۔
5۔ انکانٹو
چوبیس نومبر 2021 میں ریلیز ہونے والی اینی میٹڈ فلم 'انکانوٹو' رواں برس گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلموں میں سے ایک ہے۔
ڈزنی کی فلم انکانٹو نے دنیا بھر سے 20 کروڑ ڈالر سے زائد کا بزنس کیا تھا۔
اس فلم کو آسکر اور گولڈ گلوب ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
6۔ براہماستر: پارٹ ون- شیوا
رواں سال گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلموں کی فہرست میں چھٹا نمبر بالی وڈ فلم براہماستر کا ہے۔
براہماستر نو ستمبر 2022 کو ریلیز ہوئی تھی جس نے دنیا بھر سے پانچ کروڑ 40 لاکھ ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا ہے۔
اس فلم میں اداکارہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
7۔ جراسک ورلڈ ڈومینین
ہالی وڈ فلم 'جراسک ورلڈ ڈومینین' دس جون 2022 کو سنیما گھروں کی زینت بنی تھی۔
اس فلم نے دنیا بھر سے ایک ارب ڈالر سے زائد کا بزنس کیا تھا۔ 'جراسک ورلڈ ڈومینین' رواں برس گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلموں کی فہرست میں شامل ہے۔
فلم میں کرس پریٹ، برائس ڈیلس ہاورڈ اور دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
8۔ کے جی ایف: چیپٹر ٹو
رواں برس گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلموں میں دو بالی وڈ فلمیں شامل ہیں۔ 'براہماستر' کے علاوہ 'کے جی ایف: چیپٹر ٹو' کا اس فہرست میں آٹھواں نمبر ہے۔
یہ فلم 14 اپریل 2022 کو ریلیز ہوئی تھی جس نے باکس آفس پر 1250 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا۔
'کے جی ایف: چیپٹر ٹو' میں اداکار سنجے دت، روینا ٹنڈن سمیت دیگر نے اداکاری کی تھی۔
9۔ اَن چارٹڈ
ہالی وڈ فلم 'اَن چارٹڈ' 18 فروری 2022 کو ریلیز ہوئی تھی جس نے باکس آفس پر 40 کروڑ ڈالر سے زائد کا بزنس کیا تھا۔
یہ فلم سال 2022 میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلموں کی فہرست میں نویں نمبر پر ہے۔
'اَن چارٹڈ' میں اداکار ٹام ہولینڈ، ،صوفیا ٹیلر اور مارک والبرگ سمیت دیگر ن ے اداکاری کی تھی۔
10۔ موربیئس
فلم 'موربیئس' یکم اپریل 2022 کو سنیما گھروں میں ریلیز کی گئی تھی۔
فلم میں امریکی اداکار جیرڈ لیٹو، کوری جانسن اور اداکارہ ایڈریا آر ہونا سمیت دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
'موربیئس' نے باکس آفس پر 16 کروڑ ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا تھا۔ یہ فلم سال 2022 میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی فلموں کی فہرست میں دسویں نمبر پر ہے۔