جاپانی موٹر ساز کمپنی ٹویوٹا نے دنیا بھر سے اپنے تازہ ترین Prius ماڈل سمیت چارلاکھ سے زیادہ ہائی بریڈ گاڑیوں کے ناقص بریک ٹھیک کرنے لیے انہیں واپس منگوانے کا اعلان کیا ہے۔
منگل کی سہ پہر ایک نیوز کانفرنس میں کمپنی کے صدر اکیوٹویوڈا نے ایک بار پھر ان نقائص پر معذرت طلب کی اور کہا کہ اپنے صارفین کی حفاظت ٹویوٹا کی اولین ترجیح ہے۔
واپس منگوائی جانے والی گاڑیوں میں Prius، Lexus HS250h سیڈان اور صرف جاپان میں فروخت کی جانے والی Sai شامل ہے۔ ان گاڑیوں کی واپسی جاپان کے ساتھ ساتھ امریکہ اور یورپ کی مارکیٹوں پر بھی اثرانداز ہوگی۔
ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بریک لگنے میں تاخیر بریک فیل ہونے کی علامت نہیں ہے۔ موٹرساز کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ متاثرہ ماڈلوں کی گاڑیوں کے نقائص دور کرنے کے لیے ان میں ایک سافٹ ویئر نصب کرنے کی پیش کش کریں گے۔
دنیا کی سب سے بڑی موٹر ساز کمپنی پہلے ہی ایکسیلیٹر کے نقائص دور کرنے کےلیے لاکھوں دوسری گاڑیاں واپس منگوا چکی ہے۔
امریکی کانگریس کے ارکان گاڑیوں کی واپسی اور حفاظت کے مسائل پر سماعتوں کا انعقاد کررہے ہیں۔ اس حوالے سے پہلی سماعت بدھ کے روز ہورہی ہے جس میں شمالی امریکہ کے لیے ٹویوٹا امور کے صدر یوشی می انابا اور امریکہ کے حفاظت اور ٹرانسپورٹیشن کے عہدے دار پیش ہوں گے۔