'روک اینڈ رول' دنیا کے عظیم ستارے، چَک بیری چل بسے

'رولنگ اسٹونز' کے نامور گلوکار، مِک جیگر نے اپنی کئی ایک ٹوئیٹس میں، بیری کے لیے کہا کہ اُنھوں نے ''سدا بہار موسیقی تخلیق کی''۔

موسیقی کے اعلیٰ فن کے دلدادہ امریکی 'راک اینڈ رول' کے مشہور گلوکار، چَک بیری کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں، جن کا 90 برس کی عمر میں ہفتے کے روز انتقال ہوا۔

'رولنگ اسٹونز' کے نامور گلوکار، مِک جیگر نے اپنی کئی ایک ٹوئیٹس میں، بیری کے لیے کہا کہ اُنھوں نے ''سدا بہار موسیقی تخلیق کی''۔

فقیدالمثال امریکی گلوکار، بروس اسپرنگسٹائن نے کہا ہے کہ بیری ''راک کے عظیم پیشہ ور فنکار، گٹار بجانے والے نامور شخص اور راک اینڈ رول کے شعبے میں جنم لینے والے اب تک کے اصل لکھاری تھے''۔

برطانوی روک سنگر، روڈ اسٹیوورٹ نے کہا کہ بیری نے ''ہم سب کو متاثر کیا''؛ جب کہ امریکی گلوکار ہوئی لیو کے بقول، ''اُن کی تخلیق کردہ موسیقی کو دوام حاصل ہے''۔

اِس عظیم افریقی امریکن موسیقار کا آبائی وطن ریاستِ مِزوری کا شہر سینٹ لوئی تھا۔ اُنھوں نے پہلی بار ہائی اسکول کی ایک تقریب میں گایا اور شہرت پائی۔

تاہم، بعدازاں، وہ برے لوگوں کی صحبت میں چلے جانے کے بعد تین برس تک اصلاح خانے میں داخل رہے، 20 ماہ کی جیل کاٹی، جب کہ کئی عشروں تک موسیقی کے چاہنے والے کے دِلوں پر راج کیا، ایسی موسیقی تخلیق کی جس سے ایک نئی جہت نے جنم لیا، جسے امریکی موسیقی کی علامت قرار دیا جاتا ہے۔