امریکہ میں ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے 2005ء میں ریکارڈ کی گئی وڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد معذرت کی ہے، اس ویڈیو میں وہ خواتین سے نازیبا گفتگو کر رہے تھے۔
جمعہ کو ایک بیان میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ "اگر کسی کو ٹھیس پہنچی ہے تو میں اس پر معذرت چاہتا ہوں۔"
موقر امریکی اخبار "دی واشنگٹن پوسٹ" میں ایک مضمون کے ساتھ ٹرمپ کی ایک وڈیو میں جاری کی گئی تھی جس میں وہ "ایکسس ہالی ووڈ" پروگرام کے میزبان بلی بش سے گفتگو کر رہے ہیں۔
اس پروگرام کی بس میں بیٹھے ٹرمپ نے مائیکرو فون لگا کر رکھا تھا اور وہ خواتین سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ "میں خوبصورت۔۔۔ کی طرف خود بخود کھنچتا چلا جاتا ہوں۔۔۔۔میں انھیں چومنے لگتا ہوں۔ یہ مقناطیس کی طرح ہے۔"
ان کا مزید کہنا تھا کہ "اور اگر آپ سٹار ہوں تو وہ آپ کو یہ (سب) کرنے دیتی ہیں، آپ کچھ بھی کچھ کر سکتے ہیں۔"
انھوں نے خواتین کی طرف اپنی جنسی رغبت کے بارے میں بھی نہایت بے تکلف انداز میں گفتگو کی۔
اپنے وضاحتی بیان میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ گفتگو نجی طور پر لاکر روم میں برسوں پہلے ہوئی تھی۔ بل کلنٹن (سابق امریکی صدر) نے گولف کورس پر میرے ساتھ اس سے کہیں زیادہ خراب گفتگو کی تھی۔"
یہ وڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ٹرمپ کی اپنی جماعت کے راہنماؤں کی طرف سے بھی انھیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل بھی خواتین اور تارکین وطن سے متعلق اپنے تلخ اور نازیبا بیانات کی وجہ سے تنقید کا ہدف رہے ہیں۔
یہ وڈیو ٹیپ ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے کہ جب اختتام ہفتہ ٹرمپ اور ان کی حریف ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار ہلری کلنٹن کے درمیان دوسرا مباحثہ ہونے جا رہا ہے۔
گزشتہ ماہ ہونے والے پہلے مباحثے کے رائے عامہ کے جائزوں میں کلنٹن کو ٹرمپ پر برتری حاصل رہی تھی۔