پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں رہنماؤں میں کوویڈ 19 کی موجودہ صورتِ حال، اس سے درپیش چیلنجوں، عالمی اقتصادیات پر اس کے اثرات اور ان اثرات میں کمی لانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کرونا وبا کے ٹیسٹ کے حوالے سے امریکی صدر نے جدید ترین تیز رفتار مشین وزیرِ اعظم کو بھجوانے کی پیشکش بھی کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، آج وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماوں نے کوویڈ 19 اور اس سے درپیش چیلنجوں، عالمی اقتصادیات پر اس کے اثرات اور ان اثرات میں کمی لانے، علاقائی معاملات اور پاک امریکہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی۔
ترجمان کے مطابق، وزیراعظم عمران خان نے کوویڈ 19 وبا کے باعث امریکہ میں بے شمار قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر تعزیت اور اظہار ہمدردی کیا اور کرونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کرونا وبا کے تناظر میں دوہرے چیلنج کا سامنا ہے۔ ایک جانب اس وبا پر قابو پانا اور زندگیاں بچانے کا معاملہ ہے جب کہ دوسری جانب لاک ڈاون کے باعث معاشرے کے غریب افراد کو بھوک سے بچانے کا معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت 8 ارب امریکی ڈالرز کے پیکج کو متاثرہ افراد اور کاروبار کو سہارا دینے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے عالمی مالیاتی فنڈ اور دیگر فورمز پر امریکی حمایت پر امریکی صدر ٹرمپ کا شکریہ بھی ادا کیا اور واضح کیا کہ امریکی اقدام سے پاکستان کو ضروری 'فسکل اسپیس' اور کوویڈ 19 کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، وزیراعظم کی ترقی پذیر ممالک کے قرضوں میں کمی کی عالمی اپیل بھی اسی تناظر میں کی گئی تھی۔ وزیر اعظم نے پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان کی حمایت کو اجاگر کرتے ہوئے، افغانستان کے مسئلے کے سیاسی حل کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور افغان امن عمل میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کی حمایت کی تجدید کی۔
وزیراعظم نے افغان امن عمل کے آئندہ اقدامات کو بین الافغان مذاکرات کے لیے اہم قرار دیا۔
اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کی ٹیلیفون کال اور کوویڈ 19 کے مقابلے کے لیے امریکی کوششوں کی حمایت کو سراہا اور کوویڈ 19 کے مقابلے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کی یقین دھانی کرائی۔
صدر ٹرمپ نے وینٹی لیٹرز کی دستیابی کو یقینی بنانے اور اقتصادی میدان میں امریکی حمایت کی یقین دہانی کرائی، وزیراعظم کے کرونا وبا کے ٹسٹ کے حوالے سے امریکی صدر نے کرونا کے ٹسٹ کی جدید ترین تیز رفتار مشین وزیراعظم کو بھجوانے کی پیشکش بھی کی، جس پر وزیر اعظم نے امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا،
ترجمان کے مطابق، عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک امریکا تعلقات میں مزید بہتری پر بھی بات کی۔
حالیہ عرصے میں پاکستان میں کرونا کی وبا کی وجہ سے پاکستان کو شدید اقتصادی مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے آئی ایم ایف نے پاکستان کو ایک ارب 38 کروڑ ڈالر کا قرضہ جاری کیا ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے عالمی طاقتوں سے ترقی پذیر ممالک کے لیے قرضوں میں چھوٹ اور مدد کی درخواست کی تھی۔