قومی سلامتی کے مشیر کے طور پر مکماسٹر کی نامزدگی

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کے روز قومی سلامتی کے نئے مشیر کے طور پر فوج کے رئٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل ایچ آر مکماسٹر کو نامزد کیا ہے، جو فوجی حکمتِ عملی کے ماہر ہیں، جنھوں نے ساری عمر امریکی مسلح افواج میں گزاری ہے۔

ٹرمپ نے 54 برس کے مکماسٹر کو ’’بے انتہا صلاحیت اور تجربے کا مالک شخص‘‘ قرار دیا۔

صدر نے اِس نامزدگی کا اعلان فلوریڈا کے ساحل پر واقع بحر اوقیانوس کےاپنے صحت افزا مقام، ’مارلو-اے-لاگو‘ سے کیا۔

اُنھوں نے کہا کہ ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل کیتھ کیلوگ، جو اُن کے قائم مقام مشیر رہ چکے ہیں، اب نیشنل سکیورٹی کونسل کے ’چیف آف دی اسٹاف‘ کے فرائض انجام دیں گے۔

اِن دِنوں، مکماسٹر فوج کے ’کیپ ایبلٹیز انٹیگریشن سینٹر‘ کے سربراہ ہیں۔ یہ فوج کا ایک ادارہ ہے جس کا کام دیگر سرکاری اداروں سے مل کر فوج میں حربی استعداد کا مربوط نظام وضع کرنا ہوتا ہے۔ ٹرمپ نے کم از کم تین دیگر امیدواروں کے مقابلے میں اُن کا چناؤ کیا، جن میں کیلوگ بھی شامل تھے۔


مکماسٹر، مائیکل فلن کی جگہ لیں گے، جس فوجی جنرل کو ایک ہفتہ قبل ٹرمپ نے معطل کر دیا تھا، جب ٹرمپ کو نئی انتظامیہ کا عہدہ سنبھالے محض 24 دِن گزرے تھے۔

نئے صدر نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ اُن کے لیے یہ بات ناقابلِ قبول تھی کہ فلن نے نائب صدر مائیک پینس کے ساتھ غلط بیانی سے کام لیا؛ جنھوں نے ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے سے چند ہی ہفتے قبل واشنگٹن میں تعینات روسی سفیر سے رابطہ کیا تھا۔