امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سابق وکیل مائیکل کوہن کے خلاف 50 کروڑ ڈالر ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔
مائیکل کوہن ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مبینہ مالی بے ضابطگی کے ایک مقدمے میں اہم گواہ ہیں۔ اس مقدمے میں مین ہیٹن کی گرینڈ جیوری نے گزشتہ ہفتے ٹرمپ پر 34 الزامات عائد کیے تھے۔
ٹرمپ نے بدھ کو میامی کی وفاقی عدالت میں دائر درخواست میں الزام عائد کیا ہے کہ مائیکل کوہن ان کی خفیہ بات چیت کو محفوظ رکھنے میں ناکام رہے ہیں اور وہ ٹرمپ سے متعلق جھوٹ کتابی شکل میں لاکر اور پوڈ کاڈ کی صورت میں پھیلا کر فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مائیکل کوہن ڈونلڈ ٹرمپ کی رئیل اسٹیٹ کمپنی کے سینئر ایگزیکٹو تھے جو بعدازاں 2017 میں ٹرمپ کے امریکہ کا صدر بننے کے بعد ان کے وکیل مقرر ہو گئے تھے۔
مائیکل کوہن کے خلاف ٹرمپ کے ہرجانے کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ کوہن نے 2020 میں شائع ہونے والی کتاب 'ڈس لوئل' میں ٹرمپ کو نسل پرست قرار دیا تھا۔ یہی نہیں بلکہ کتاب میں انہوں نے ٹرمپ سے ہونے والی بات چیت کو من گھڑت طریقے سے پیش کیا۔
SEE ALSO: ٹرمپ کے خلاف مقدمہ امریکی سیاست پر کیا اثرات مرتب کرے گا؟درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ کتاب تین نومبر 2020 کو صدارتی انتخابات سے کچھ ہی عرصہ قبل شائع ہوئی تھی جس نے انتخابات میں ٹرمپ کی شہرت پر بہت منفی اثر ڈالا۔
دوہزار بیس کے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن نے ٹرمپ کو شکست دی تھی اور ایک عرصے تک ٹرمپ اپنی ناکامی تسلیم نہیں کرتے رہے تھے۔
ٹرمپ کی جانب سے ہرجانے کے مقدمے پر مائیکل کوہن کے وکیل لینی ڈیوس کا کہنا ہے کہ سابق صدر اپنے مخالفین کے خلاف اس قسم کی درخواستیں دائر کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے ٹرمپ کے ہرجانے کی درخواست کو 'فضول' قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ ایک مرتبہ پھر مائیکل کوہن کو ہراساں کرنے اور دھمکانے کے لیے عدالتی نظام کا سہارا لے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹرمپ کے خلاف مقدمے میں مائیکل کوہن کو اہم گواہ کی حیثیت حاصل ہے۔
SEE ALSO: ٹرمپ کے خلاف عدالت میں کیا الزامات لگے؟ٹرمپ پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے وکیل مائیکل کوہن کے ذریعے 2016 کے صدارتی انتخابات کی مہم کے دوران پورن اداکارہ اسٹارمی ڈینیئلز کو خاموش رہنے کے لیے ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر رقم کی ادائیگی کی تھی۔
اسٹارمی ڈینئلز کا دعویٰ ہے کہ 2006 میں ان کا ٹرمپ کے ساتھ جنسی تعلق قائم ہوا تھا تاہم ٹرمپ اس طرح کے کسی بھی تعلق کی تردید کرتے ہیں۔ رقم کی ادائیگی کے اس مقدمے میں ٹرمپ پر مین ہیٹن کی گرینڈ جیوری نے 34 الزامات عائد کیے ہیں۔
ٹرمپ کے وکلا کا کہنا ہے کہ سابق صدر نے پورن اسٹار کو اس لیے ادائیگی کی تھی تاکہ اداکارہ کے بدنیتی پر مبنی اور بے بنیاد دعووں سے اپنے خاندان کو دور رکھ سکیں۔
اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز 'سے لی گئی ہیں۔