|
ویب ڈیسک __ڈونلڈ ٹرمپ نے ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والی ایوانِ نمائندگان کی رکن الیس اسٹیفانک کو اقوامِ متحدہ میں امریکہ کا سفیر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نو منتخب صدر ٹرمپ نے پیر کو اپنے بیان میں کہا کہ ’’میرے لیے باعثِ اعزاز ہے کہ میں چیئرویمن الیس اسٹیفانک کو اپنی کابینہ میں اقوامِ متحدہ کے لیے امریکہ کی سفیر کے طور پر نام زد کر رہا ہوں۔ الیس ایک مضبوط، سخت جان اور امریکہ فرسٹ فائٹر ہیں۔‘‘
اسٹیفانک نیویارک سے تعلق رکھنے والی رکنِ کانگریس اور ایوانِ نمائندگان میں ری پبلکن کانفرنس کی سربراہ ہیں اس کے علاوہ ان کا شمار ٹرمپ کے پر زور حامیوں میں ہوتا ہے۔
الیس اسٹیفانک نے نو منتخب صدر کے اعلان پر کوئی فوری تبصرہ نہیں کیا ہے۔
اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوامِ متحدہ میں امریکہ کی سفیر رہنی والی نکی ہیلی کو اپنی حکومت میں شامل نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ نکی ہیلی ری پبلکن پارٹی کی نامزدگی کی دوڑ میں ان کی مدِ مقابل بھی تھیں۔
ٹرمپ سابق وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کو بھی حکومت میں شامل نہ کرنے کا کہہ چکے ہیں۔
ٹرمپ اپنی حکومت میں اہم ذمے داریوں کے لیے ممکنہ امیدواروں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے جمعے کو رپورٹ کیا تھا کہ ٹرمپ نے ممتاز سرمایہ کار اسکاٹ بیسینٹ سے ملاقات کی ہے اور وہ ٹرمپ کی کابینہ ممکنہ طور پر وزیرِ خزانہ نامزد ہو سکتے ہیں۔
اس خبر کی معلومات ’رائٹرز‘ سے لی گئی ہیں۔