ترک میڈیا نے استنبول کے نائیٹ کلب پر حملہ کرنے والے مشتبہ مسلح شخص کی ویڈیو نشر کی ہے۔
سال نو کے موقع پر ہفتے کو استنبول کے ایک نائیٹ کلب پر مسلح شخص کے حملے میں غیر ملکی شہریوں سمیت 39 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔
یہ ویڈیو بظاہر ایک موبائل فون سے تیار کی گئی ہے جس میں مشتبہ شخص استنبول کے ’تقسیم اسکوئر‘ کے اردگرد چلتا دکھائی دیتا ہے اور ویڈیو میں وہ زیادہ تر وقت کیمرے میں دیکھتا ہے لیکن بولتا نہیں ہے۔
یہ واضح نہیں کہ ویڈیو کب ریکارڈ کی گئی، اس سے قبل ترک عہدیداروں نے سکیورٹی کیمرے کی ویڈیو سے مشتبہ حملہ آور کی تصویر حاصل کر کے جاری کی تھی۔
اُدھر مشتبہ حملہ آور کی تلاش کی کارروائیوں میں تیزی آئی اور حکام نے آٹھ مشتبہ افراد کو استنبول حملے سے تعلق کے شبہے میں تحویل میں لیا ہے۔
ترک کے نائب وزیر خارجہ نے پیر کو صحافیوں کو بتایا تھا کہ حکام نے مسلح شخص کی انگلیوں نشان اور اُس سے متعلق بنیادی معلومات حاصل کر لی ہیں۔
استنبول میں نائیٹ کلب پر کیے گئے حملے کی ذمہ داری ’داعش‘ نے قبول کی تھی۔
نائیٹ کلب پر جب حملہ کیا گیا تو اس وقت وہاں لگ بھگ 600 افراد موجود تھے۔