ترکی کے خبررساں اداروں کا کہنا ہے کہ پولیس نے منگل کو استنبول کے مختلف علاقوں میں کارروائی کر کے داعش کے سات مبینہ کارکنوں کو گرفتار کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پولیس کی طرف سے یہ کارروائی جرمن انٹیلیجنس کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ جرمن اہداف پر ممکنہ حملوں کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔
دوسری طرف منگل کو ہی ترکی کی سکیورٹی فورسز نے داعش کے ان دس مشتبہ دہشت گردوں کو اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ بظاہر شام سے ملک میں داخل ہونا چاہتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان میں سے ایک مشتبہ شخص نے ایک خود کش جیکٹ پہن رکھی تھی۔
رواں سال میں اب تک ترکی میں چار خود کش دھماکے ہو چکے ہیں اور عہدیدار ان حملوں کا الزام داعش یا کرد عسکریت پسندوں پر عائد کرتے ہیں۔
ہفتے کو ہوئے تازہ ترین حملے میں تین اسرائیلی اور ایک ایرانی شہری بھی ہلاک ہوا۔ ایک خود کش بمبار نے استنبول کے مرکزی تجارتی مرکز میں اپنے آپ کو دھماکے سے اڑایا تھا۔