کراچی: دو بم دھماکوں میں پانچ افراد ہلاک، متعدد زخمی

ڈی آئی جی کراچی ویسٹ، جاوید اوڈھو کے مطابق دھماکے میں 5 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ریسکیو اور اسپتال کے ذمے دار عملے نے بھی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے
کراچی کے مصروف اور گنجان علاقے انچولی میں جمعہ کی رات پے در پے 2 دھماکوں کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ڈی آئی جی کراچی ویسٹ جاوید اوڈھو کے مطابق، دھماکے میں 5 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ریسکیو اور اسپتال کے ذمے دار عملے نے بھی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

جاوید اوڈھو اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران کا کہنا ہے کہ دھماکا پہلے سے نصب شدہ بموں کے ذریعے کیا۔

زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ 15 سے زائد زخمیوں کو قریب ہی واقع عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ پہلا دھماکا دودھ کی ایک دکان پر جبکہ دوسرا ایک پکوان سینٹر کے قریب ہوا۔ دھماکوں سے چار قریبی دکانوں اور چار گاڑیوں اور موٹر سا ئیکلوں کو نقصان پہنچا۔

دھماکے کے فوری بعد، بم ڈسپوزل اسکواڈ، پولیس، رینجرز اور دیگر ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے 15 سے زائد زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امدا فراہم کی جا رہی ہے۔

دھماکوں کے بعد، لوگوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہوگئی، جبکہ علاقے کی بجلی معطل ہونے سے بھی امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔ ایم ایل او عباسی شہید اسپتال نے بتایا ہے کہ زخمیوں کو بال بیرنگ کے زخم آئے ہیں۔

ایم کیو ایم کی جانب سے ہفتے کو یوم سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ شیعہ علما کونسل نے ملک بھر میں تین روز ہ یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔


جس علاقے میں دھماکے ہوئے ہیں وہ شہر کا وسطی علاقہ ہے جو گنجان ہونے کے ساتھ ساتھ تجارتی علاقہ بھی ہے ۔ اس کے علاوہ یہاں ایک اہم اور بڑی امام بارگاہ بھی ہے۔