پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل 6 کے لیے بائیو ببل کا حصہ رہنے والے مزید تین افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے۔ کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پی ایس ایل کے مستقبل کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے منگل کو نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ آسٹریلوی کھلاڑی فواد احمد کے بعد مزید دو غیر ملکی کھلاڑیوں اور ایک سپورٹنگ اسٹاف کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ کھلاڑیوں کو 10 روز تک قرنطینہ میں رہنا پڑے گا تاہم دیگر کھلاڑیوں کو آئسولیشن میں رہنے کا نہیں کہا۔
آسٹریلوی کھلاڑی فواد احمد کا پیر کو کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر اس روز کھیلا جانے والا اسلام آباد یو نائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ منسوخ کر دیا گیا تھا جو منگل کو شیڈول ہے۔
ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جانے ہیں اور اب تک 11 میچز کھیلے جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 6 کے ابتدائی 20 میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم اور آخری 14 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں۔
SEE ALSO: پاکستان سپر لیگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کا اِن آؤٹپی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ اب تک سامنے نہیں آئی۔ تاہم بائیو ببل میں رہنے والے تمام کھلاڑیوں، سپورٹنگ اسٹاف، میچ آفیشلز، سیکیورٹی افسران اور کھلاڑیوں کی فیملی پر مشتمل 300 افراد کے کرونا ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔
سمیع برنی نے بتایا کہ بائیو ببل میں موجود تمام افراد کے کرونا ٹیسٹ جمعرات سے ہوں گے جب کہ اب تک 244 افراد کے پی سی آر ٹیسٹ کرائے جا چکے ہیں۔ اسی طرح براڈ کاسٹ عملے کے 112 افراد کے ریپڈ ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
پی سی بی کے میڈیا ڈائریکٹر کے مطابق اس وقت پی ایس یل 6 میں شامل ایک ٹیم کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن کے نتائج آنا باقی ہیں۔
اُن کے بقول فی الحال کسی بھی کھلاڑی کو آئسولیشن میں جانے کا نہیں کہا۔ ایونٹ کی منتظم کمیٹی نے تمام فرنچائزز کو یاددہانی پیغام بھیجا ہے کہ سب احتیاط کریں۔
سمیع برنی کا کہنا تھا کہ "ایونٹ کی سالمیت کا تحفظ پی سی بی کی ذمہ داری ہے۔ ہم نے گراؤنڈ اسٹاف کے بھی ٹیسٹ کرائے ہیں اور انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ جب گراؤنڈ میں ہوں گے تو گلووز پہنیں گے۔"
پی سی بی کے میڈیا ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ فرنچائز مالکان کے ساتھ مل کر جس اچھے انداز سے ایونٹ شروع کیا اسی طرح اختتام بھی کریں۔