جنوبی کوریا میں تیز ہوا کے طوفان سے ایک خاتون ہلاک، دو افراد زخمی

حکام کے مطابق آندھی اور طوفان میں ہوا کی رفتار 49 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی — فائل فوٹو

جنوبی کوریا میں تیز آندھی اور ہوا کے طوفان سے ایک خاتون کی ہلاکت ہوئی ہے جبکہ 57ہزار سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی ہے۔

حکام نے تیز ہوا اور آندھی کے اس طوفان کو 'ٹائفون لنگ لنگ' کا نام دیا ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق لنگ لنگ طوفان سے جنوبی کوریا میں جیجو جزیرہ اور جنوبی ساحلی شہر شدید متاثر ہوئے ہیں۔ 49کلو میٹر کی رفتار سے آنے والی آندھی سے کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

وزارت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دارالحکومت کے قریبی علاقے میں طوفان سے ایک 75 سالہ خاتون کی موت ہوئی جبکہ دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب طوفان کے باعث فلائٹ سروس بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔ وزارت داخلہ نے 124 پروازیں منسوخ ہونے کی تصدیق کی ہے۔

حکام امکان ظاہر کر رہے ہیں کہ یہ طوفان جنوبی کوریا کے دارالحکومت سول سے گزرتا ہوا شمالی کوریا میں داخل ہوگا۔

موسمیاتی ماہرین کے مطابق لنگ لنگ طوفان شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ سے ہوتا ہوا گزرے گا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق شمالی کوریا میں ہوا کے طوفان کے حوالے سے ہنگامی انتظامات کے لیے 'کم جانگ ان' کی سربراہی میں اجلاس ہوا۔

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق کم جانگ ان نے آندھی اور طوفان کے حوالے سے 'بے بس ہونے اور اس کی سنجیدہ نوعیت کو اہمیت نہ دینے' پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

کورین سینٹرل نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ نے فوری طور پر اقدامات کے احکامات بھی جاری کیے۔

کم جانگ ان کے احکامات کے بعد فوج سمیت دیگر اداروں نے طوفان کے حوالے سے اقدامات شروع کر دیے۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق حکام ممکنہ متاثرہ علاقوں میں خوراک کی فراہمی اور عمارتوں کے تحفظ کے لیے اقدامات میں مصروف ہیں جبکہ سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ مختلف قسم کے آلات بھی مدد کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔