لاہور میں اوبر ٹیکسی سروس کا آغاز

فائل فوٹو

اس سروس کے شروع ہونے کے بعد لاہور کے شہریوں کو آمدورفت کے لیے ایک متبادل ذریعہ بھی میسر ہو گا تاہم اس کا استعمال کرنے لیے سمارٹ فون پر اس کی اپلیکشن ڈاؤن لوڈ کرنا ضروری ہے۔

انٹرنیٹ اور موبائل فون ایپلیکیشن کے ذریعے ٹیکسی کی بکنگ کی بین الاقوامی سروس 'اُوبر' نے لاہور میں اپنی سروس کا آغاز کر دیا ہے۔

اس بات کا اعلان لاہور میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کیا گیا۔

اس سروس کو بین الاقوامی سطح پر شروع کرنے کے لیے' اوبر' کے عہدیدار لوایچ امادو نے اس موقع پر کہا کہ "(پاکستان کی کاروباری) سرگرمیوں میں لاہور کا حصہ 20 فیصد ہے اور اسی وجہ سے ہم نے لاہور سے سروس شروع کی ہے اور ہم یہاں موجود ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کی کمی کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے"۔

لوگ نقد رقم اور کریڈٹ کارڈ دونوں کے ذریعے ادائیگی کر کے اوبر ٹیکسی سروس استعمال کر سکتے ہیں۔

لاہور شہر میں سمارٹ فون کا استعمال بڑے پیمانے پر کیا جارہا ہے تاہم لوگ کریڈٹ کارڈ کا استعمال کم ہی کرتے ہیں۔ اس لیے اوبر کا کہنا ہے کہ لاہور میں اوبر کی سروس استعمال کرنے کے لیے نقد ادائیگی کا طریقہ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے جو ان کے بقول لوگوں کے طرز زندگی کے مطابق ہے۔

لاہور شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے ساتھ رکشا بھی لوگوں کے لیے ایک مقبول سواری ہے۔ اس لیے اوبر کے لیے لاہور میں ٹیکسی سروس شروع کرنا کاروباری طور پر ایک اچھا موقع ہے اور بتایا جاتا ہے کہ لاہور کے بعد ممکنہ طور پر کراچی اور اسلام آباد جیسے شہروں میں بھی یہ سروس شروع کی جا سکتی ہے۔

اوبر نے لاہور میں اپنے صارفین اور ڈرائیوروں کے تحفظ کے لیے بھی کئی اقدامات کیے ہیں جن میں ڈرائیوروں کی چھان بین شامل ہے جس کے لیے انہیں اپنے پہلے ادارے یا کسی جاننے والے کی طرف سے سرٹفیکیٹ بھی فراہم کرنا ہو گا۔

تاہم یہ خط دینے والا اس کا حقیقی رشتہ دار نہیں ہو سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام ڈرائیوروں کے لیے جنسی ہراس کے خلاف آگاہی کے پروگرام میں شرکت بھی لازمی ہو گی۔

لوایچ امادو نے کہا کہ "میں اکثر (لاہور) کا قاہرہ جیسے شہروں سے مقابلہ کرتا ہوں جہاں پر ہم ہر ماہ 2,000 ملازمتوں کے مواقع پیدا کررہے ہیں اور بہت جلد ہی ہم یہ لاہور کے علاوہ باقی پاکستان میں بھی کر سکتے ہیں"۔

اس سروس کے شروع ہونے کے بعد لاہور کے شہریوں کو آمدورفت کے لیے ایک متبادل ذریعہ میسر ہو گا تاہم اس کا استعمال کرنے لیے سمارٹ فون پر اس کی اپلیکشن ڈاؤن لوڈ کرنا ضروری ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ جمعرات سے اتوار تک تعارفی پیشکش کے طور پر صارفین بلا معاوضہ ٹیکسی سروس استعمال کر سکتے ہیں۔