روس کی جارحیت کے شکار یورپی ملک یوکرین کے لیے امریکہ نے مزید 82 کروڑ ڈالر عسکری امداد کا اعلان کیا ہے۔
امریکہ نے یہ اعلان جمعے کو کیا جس کے تحت امداد میں یوکرین کو نئے زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل کا نظام اور کاؤنٹر آرٹلری ریڈار فراہم کیا جائے گا۔
نئی امداد کے تحت یوکرین کو امریکہ سے ملنے والے سسٹم کے ذریعے روس کے طویل فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائلوں کے خلاف دفاع فراہم ہو جائے گا۔
یوکرین بھی ایسے دفاعی نظام کی فراہمی کا مطالبہ کر رہا تھا۔ کیف مغربی ممالک پر مسلسل زور دیتا رہا ہے کہ یوکرین کو زیادہ جدید ہتھیار فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ماسکو کا مقابلہ کر سکے۔
پینٹاگان کی جانب سے بتایا گیاہے کہ بائیڈن انتظامیہ یوکرین کو اب تک سات ارب 60 کروڑ ڈالر کی عسکری امداد فراہم کر چکی ہے۔
SEE ALSO: روسی میزائل حملوں میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہو گئےمیڈرڈ میں نیٹو سمٹ کے دوران امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے ایک بیان میں کہا تھاکہ امریکہ جہاں تک ممکن ہو سکا یوکرین کی امداد جاری رکھے گا۔
امریکہ کی جانب سے نئے امدادی پیکج میں دو فضائی دفاع کے نظام بھی شامل ہیں، جن کی مدد سے یوکرین روس کے کروز میزائلوں اور جنگی طیاروں کے خلاف دفاع کر سکتا ہے۔
ایک سینئیر امریکی افسر کا کہنا ہے کہ یہ نظام نیٹو کے دفاعی نظام جیسا ہے اور ان کوششوں کا حصہ ہے کہ یوکرین کے فضائی دفاع کو جدید اسلحے سے مضبوط کیا جا سکے۔
SEE ALSO: کیا روس سے درآمد پر پابندی سے سونا مزید مہنگا ہوگا؟اس نئے عسکری امدادی پیکج میں یوکرین کو 155 ملی میٹر آرٹلری ایمیونیشن کے ڈیڑھ لاکھ راؤنڈ ملیں گے جب کی درمیانے درجے کے راکٹ کے نظام کے لیے بھی اضافی گولہ بارود دیا جائے گا۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اپنے یومیہ خطاب کے دوران امریکہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ صدر بائیڈن کے بھی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے یوکرین کے لیے اس نئے امدادی پیکج کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا ہی وہ اپنے اتحادیوں سے مزید جدید ہتھیاروں کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں تاکہ روس کے غلبے کو کم کیا جاسکے۔