سلامتی کونسل کے چھ نئے غیر مستقل ارکان کا انتخاب

فائل

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے چھ نئے غیر مستقل ارکان کا خیرمقدم کیا ہے، جن کا تعلق اکوٹوریل گنی، آئروی کوسٹ، کویت، نیدرلینڈز، پیرو اور پولینڈ سے ہے۔

اِن چھ نئے ملکوں کو جنرل اسمبلی کے 193 ارکان نے دو سال کی میعاد کے لیے منتخب کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے طاقتور ترین ادارے پر مامور رہنے کے دوران اِن ارکان کو بین الاقوامی امن اور سکیورٹی کے معاملات سے نبردآزما ہونے کے حوالے سے مؤثر آواز حاصل ہوگا۔

قزاقستان کے ایلچی، خیرات عمروف جنھوں نے میعاد کی اپنی باری پر جنوری میں صدارت کا عہدہ سنبھالا ہے، کونسل کے ارکان کی ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’امن اور سلامتی کا حصول مشکل کام ہے‘‘۔

اُنھوں نے کہا ہے کہ ’’کچھ حاصل کرنے کے لیے ضروری ہوگا کہ آپ کو حقیقی موقع میسر آئے‘‘۔

عمروف نے منگل کو کونسل کے چیمبر کے باہر منعقدہ ایک تقریب میں چھ نئے رُکن ممالک کے پرچم آویزاں کیے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 15 ارکان ہیں، جن میں سے پانچ (چین، فرانس، روس، برطانیہ اور امریکہ) مستقل ارکان ہیں جنھیں ویٹو کا اختیار حاصل ہے۔

مصر، جاپان، سنیگال، یوکرین اور یوروگوائے نے گذشتہ سال اپنی دو سالہ میعاد پوری کی؛ جب کہ نیدرلینڈ دو سالہ میعاد کا باقی ماندہ عرصہ اٹلی کے ساتھ سنبھال رہا ہے۔