گوتیخش کی جانب سے لاہور دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

فائل

معاون ترجمان نے کہا ہے کہ ’’سکریٹری جنرل بین الاقوامی انسانی حقوق کے معیار اور ذمہ داریوں کی حرمت کے کُلی تقاضوں کے تناظر میں، دہشت گردی اور پُرتشدد انتہاپسندی کے خلاف لڑائی میں حکومتِ پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں‘‘

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل، انتونیو گوتیخش نے لاہور میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

پیر کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں، اُنھوں نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

سکریٹری جنرل کے معاون ترجمان، فرحان حق نے بتایا ہے کہ انتونیو گوتیخش نے ہلاک شدگان کے اہل خانہ کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا ہے، جب کہ زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

اُنھوں نے کہا ہےکہ سکریٹری جنرل بین الاقوامی انسانی حقوق کے معیار اور ذمہ داریوں کی حرمت کے کُلی تقاضوں کے تناظر میں، دہشت گردی اور پُرتشدد انتہاپسندی کے خلاف لڑائی میں حکومتِ پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔

اخباری اطلاعات کے مطابق، دھماکا پاکستانی وقت کے مطابق تین بج کر ستاون منٹ پر فیروزپور روڈ پر واقع ارفع کریم آئی ٹی ٹاور کے نزدیک کوٹ لکھ پت سبزی منڈی کے قریب ہوا جس سے کم از کم 25 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔