جنوبی کوریا میں تعینات امریکی سفیر، مارک لِپرٹ سیئول میں ہونے والے ایک حملے میں زخمی ہوگئے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق، لپرٹ کو اسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔
رائٹرز نے سیئول کے مقامی ٹیلی ویژن چینل کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ایک وڈیو رپورٹ میں سفیر نے اپنا دائیاں ہاتھ اپنے چہرے پر رکھا ہوا ہے، اور اُن کے کپڑوں پر خون کے دھبے دکھائی دیتے ہیں۔
مارک لپرٹ، جِن کی عمر 42 برس ہے، اُن کے چہرے پر زخم آئے ہیں۔
تاہم، خبروں میں بتایا گیا ہے کہ اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران، وہ اپنے قدموں تلے چل رہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق، لپرٹ کے دائیں گال پر بلیڈ سے حملہ کیا گیا۔
تاہم، اُن کے زخم کی شدت کا علم نہیں ہوسکا۔
جنوبی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے، ’یونہاپ‘ نے خبر دی ہے کہ حملے کے بعد، ایک شخص کو گرفتار کیا گیا، جس کا نام ’کِم‘ بتایا گیا ہے۔