اسقاط ِحمل کے مخالفین کی بڑی ریلی، پاپائے روم کا حمایتی پیغام

مظاہرین

’مارچ فور لائف‘ نامی سالانہ مظاہرے کے لیے لاکھوں لوگ ’نیشنل مال‘ پر جمع ہوئے۔ یہ ریلی امریکی سپریم کورٹ کے تاریخی ’رو اینڈ ویڈ‘ کے عدالتی فیصلے کی سالگرہ کے موقع پر نکالی جاتی ہے، جس میں عدالت نے خواتین کے لیے اسقاطِ حمل کو ایک آئینی حق قرار دیا تھا
امریکہ میں قانونی طور پر حاصل اسقاطِ حمل کے حق کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے، اسقاطِ حمل کے مخالفین نے بدھ کے روز واشنگٹن میں شدید سرد موسم کی پرواہ نہ کرتے ہوئے، ایک بڑی ریلی نکالی۔

’مارچ فور لائف‘ نامی سالانہ مظاہرے کے لیے لاکھوں لوگ ’نیشنل مال‘ پر جمع ہوئے۔ یہ ریلی امریکی سپریم کورٹ کے تاریخی ’رو اینڈ ویڈ‘ کے عدالتی فیصلے کی سالگرہ کے موقع پر نکالی جاتی ہے، جس میں عدالت نے خواتین کے لیے اسقاطِ حمل کو ایک آئینی حق قرار دیا تھا۔

ریلی کے شرکاٴمیں ملک بھر سے رومن کتھولک ہائی اسکول اور کالج کے متعدد طالبِ علم شریک تھے۔ ریلی کے آغاز پر دعائیہ کلمات ادا کیے گئے، جب کہ مظاہرین نے کیپیٹول ہِل اور سپریم کورٹ کی طرف مارچ کیا۔

اسقاطِ حملے کے خلاف بدھ کو نکالی جانے والی اِس ریلی کی حمایت میں پوپ فرینسز نےٹوئٹر کے سماجی میڈیا پر ایک بیان جاری کیا تھا۔

پاپائے روم نے کہا کہ خدا اُن لوگوں کی مدد کرے گا جو زندگی کی حرمت کا عزم عزیز رکھتے ہیں، ’خصوصاً وہ جو ’بے دست و پا ہیں‘۔

بدھ ہی کے روز، امریکی صدر براک اوباما نے کہا کہ عدالتِ عظمیٰ کے اِس فیصلے کی اکتالیسویں سالگرہ، اس اصول پر ’پھر سے اعادہ کرنے کا‘ ایک موقع فراہم کرتی ہے کہ’ہر خاتون کو اپنے جسم اور اپنی صحت سے متعلق کسی بھی طرح کے انتخاب کا موقع ملنا چاہیئے‘۔

اسقاطِ حمل کے مخالفین کہتے ہیں کہ اس سال ہونے والے مارچ کے دوران، بچے گود لینے سے منسلک بدنامی کے سوال پر دھیان مرتکز رہے گا، جو طبی مشکلات میں پھنسی ہوئی حاملہ خواتین کو اسقاطِ حمل کا ایک متبادل راستہ فراہم کرتا ہے۔

ریلی کے آغاز سے قبل، امریکی ایوانِ نمائندگان میں اکثریتی جماعت کے قائد، ایرک کینٹر نے کہا کہ کانگریس میں ریپبلیکن راہنما قانون سازی کا ایک مسودہ رائے دہی کے لیے پیش کرنے والے ہیں، جس میں ٹیکس دہندگان کی رقوم استعمال کرتے ہوئے اسقاطِ حمل کرانے پر ممانعت لگانے کی سفارش کی جائے گی۔

کینٹر نے کہا کہ وہ زندگی کی بہار نہ دیکھ سکنے والوں کے حق کی حمایت میں لڑتے رہیں گے، کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہی بہتر اخلاقی عمل ہے۔