امریکہ کے محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ فرانس میں ایک ریل گاڑی پر مراکش سے تعلق رکھنے والے حملہ آور کو روکنے والے ایک امریکی کو فوج کے ایک اعلیٰ اعزاز سے نوازا جائے گا۔
پینٹاگان نے منگل کو اعلان کیا کہ ’اوریگون نیشنل گارڈ‘ سے تعلق رکھنے والے ایلک سینڈر سکارلاٹوس کو ’سولجرز میڈل‘ سے نوازا جائے گا۔ فوج کے مطابق ’’یہ ان کارہائے جرات کے لیے اعلیٰ ترین ایوارڈ ہے جو دشمن کے خلاف جنگ کے علاوہ کیے جائیں۔‘‘
سکارلاٹوس ان تین امریکیوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے ایک برطانوی شہری کے ساتھ مل کر ایمسٹرڈیم سے پیرس جانے والی ریل گاڑی پر سوار ایک مسلح شخص کو گزشتہ ہفتے قابو کیا تھا۔ سکارلاٹوس کے اعزازی بیان میں کہا گیا کہ اس نے ’’جانوں کے تباہ کن ممکنہ زیاں‘‘ کو روکا۔
امریکی فوج کے سیکرٹری جان مک ہیو نے کہا کہ سکارلاٹوس اور اس کے ساتھیوں کے افعال ’’بے لوث خدمت کے اعلیٰ ترین معیار کی نمائندگی کرتے ہیں۔‘‘
ادھر منگل کو فرانس کے وکلائے استغاثہ نے 25 سالہ حملہ آور ایوب الخزانی پر دہشتگردانہ قتل عمد کی کوشش کی فرد جرم عائد کی ہے۔
پیرس کے پراسیکیوٹر فرانسوا مولنز نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ خزانی جمعے کو ایک کلاشنکوف اور 270 گولیوں سے مسلح ہو کر برسلز میں ریل گاڑی پر سوار ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے پاس سے ایک لوگر پستول، پیٹرول سے بھری بوتل اور ایک ڈبے کھولنے والا چاقو بھی برآمد ہوا۔
مولنز نے یہ بھی کہا کہ تین امریکیوں اور ایک برطانوی شہری کی جانب سے روکے جانے سے چند منٹ قبل اس نے اپنے ٹیلی فون پر ایک شدت پسند وڈیو دیکھی۔ حملہ آور کے ہاتھ سے رائفل چھیننے کی کوشش میں ایک فرانسیسی نژاد امریکی شہری کو گولی لگی جس سے وہ زخمی ہو گیا اور تاحال اسپتال میں ہے۔
وکلا نے مشتبہ شخص کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ اسے ہتھیاروں کا ذخیرہ اور موبائل فون ایک پارک سے ملا تھا جہاں وہ پچھلی رات سویا تھا۔ مولنز نے ان دعووں کو ’’مضحکہ خیز‘‘ قرار دیا۔
انہوں نے خزانی کے اس دعوے کو بھی مسترد کر دیا کہ اس کا دہشتگردی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا اور وہ صرف مسافروں کو لوٹنا چاہتا تھا۔
فرانس کے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ خزانی 10 مئی کو برلن سے استنبول گیا۔ اس کے بعد وہ ایک پرواز کے ذریعے 4 جولائی کو شام کی سرحد پر واقع ایک ترک شہر پہنچا۔
فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے بھی پیر کو ایک برطانوی اور تین امریکی شہریوں کو فرانس کے اعلیٰ ترین اعزاز ’لیژاں دونور‘ سے نوازا۔