بعدازاں، جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ڈائلاگ بنگلہ دیش کے ساتھ امریکہ کے بڑھتے ہوئے دفاعی تعلقات، اور خطے میں امن اور خوش حالی کے لیے مشترکہ عزم کا غماز ہے‘
واشنگٹن —
سکیورٹی معاملات پر جمعے کو واشنگٹن میں امریکہ بنگلہ دیش کے درمیان چوتھے سالانہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی نشست ہوئی۔
اجلاس میں سیاسی و فوجی امور کے معاون امریکی وزیر، ٹوڈ چیپمن اور بنگلہ دیش کے سفیر میزان الرحمٰن نے شرکت کی۔
بعدازاں، ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈائیلاگ بنگلہ دیش کے ساتھ امریکہ کے بڑھتے ہوئے دفاعی تعلقات، اور خطے میں امن اور خوش حالی کے لیے مشترکہ عزم کا غماز ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وسیع تر موضوعات پر گفتگو ہوئی، جن میں حکمت عملی کی ترجیحات اور علاقائی معاملات، سکیورٹی اعانت، سائبر سکیورٹی، امن کار اقدام، فوج کے فوج سے تعاون، اور انسداد دہشت گردی میں تعاون شامل ہیں۔
شرکا نے انسانی بنیادوں پر معاونت اور قدرتی آفات سے بچاؤ، آبی ذخائر اور سرحدی سلامتی اور متعلقہ امور پر بھی بات چیت کی۔