امریکہ نے سعودی عرب کے خلاف ایران کی دھمکیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
واشنگٹن میں محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکہ سعودیوں کے ساتھ عسکری، سفارتی، انٹیلی جنس چینلز کے ذریعے مسلسل رابطے میں ہے۔
انہوں نے کہا:
’’ ہم اپنے مفادات اور خطے میں اپنے شراکت داروں کے دفاع کے لیے کام کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کریں گے۔‘‘
خبر رساں ادارے دی ایسوسی ایٹڈ پریس اور اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے منگل کو رپورٹ کیا تھا کہ سعودی عرب نے ممکنہ حملے کے بارے میں امریکہ کے ساتھ خفیہ معلومات شیئر کی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاض نے کہا ہے کہ سعودی عرب کو ایران کی طرف سے حملے کا خطرہ ہے۔ سعودی عرب نے اس سلسلے میں امریکہ سے معلومات شیئر کی ہیں۔
دوسری طرف ایران کی وزارت خارجہ نے ان رپورٹس کو بے بنیا د قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ الزام تہران کے ہمسایہ ممالک سے تعلقات خراب کرنے کی کوشش ہے۔
Your browser doesn’t support HTML5
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے پریس سیکرٹری بریگیڈیئر جنرل پیٹ رائڈر نے ان رپورٹس کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکی فوجی حکام خطے میں خطرے کی صورت حال کے بارے میں فکر مند ہیں۔
پریس سیکرٹری نے کہا کہ محکمہ سعودی شراکت داروں کے ساتھ باقاعدگی سے رابطے میں ہے کہ وہ اس حوالے سے اس محاذ پر کیا معلومات فراہم کریں گے۔
’’لیکن ہم نے پہلے جو کہا ہے میں اسے دہراؤں گا کہ ہم اپنی حفاظت اور دفاع کا حق محفوظ رکھیں گے چاہے ہماری افواج کہیں بھی خدمات انجام دے رہی ہوں، عراق میں یا کہیں اور۔‘‘
(اس خبر میں شامل مواد اے پی اور رائٹرز سے لیا گیا ہے)