آئی ایم ایف کے سربراہ ڈومینک اسٹراس کان کی جنسی حملے کے کیس میں ضمانت مسترد کردی گئی ہے۔ انہیں پیرکے روز عدالت میں پیش کیا گیا جہاں انہوں نے الزامات سے انکار کیا۔ مجرم ثابت ہونے کی صورت میں انہیں 25 برس قید کی سزا ہوسکتی ہے۔
اس سے پہلے جنسی حملے کے الزامات کا سامنا کرنے والے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے سربراہ اپنے تفصیلی طبی معائنہ پر راضی ہو گئے ہیں۔
ڈومینک اسٹراس کان کے وکلا نے اتوار کی شب بتایا کہ پولیس اس معاملے سے متعلق مزید شواہد اکھٹا کر رہی ہے۔
نیویارک پولیس کے مطابق ایک ہوٹل ملازمہ کی شکایت پر اسٹراس کان کے خلاف جنسی حملے، زیادتی کی کوشش اور کسی شخص کو زبردستی تحویل میں رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سربراہ کے ایک وکیل نے بتایا کہ اسٹراس کان اپنے خلاف عائد کردہ الزامات کا دفاع کریں گے۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کی وجہ سے عالمی ادارے کی سرگرمیوں میں کوئی خلل نہیں پڑا ہے۔ تاہم ادارے نے اسٹڑاس کان کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرنے سے انکار کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اسٹڑاس کان کو ہفتہ کی دوپہر ہوائی جہاز سے اُس وقت گرفتار کیا جب اس کی پیرس روانگی میں چند منٹ رہ گئے تھے۔
پولیس کے مطابق نیویارک کے صوفیٹل ہوٹل میں اسٹراس کان کے کمرے کی صفائی کرنے والی 32 سالہ ملازمہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے سربراہ نے اُن کو جنسی فعل سرانجام دینے پر مجبور کرنے کی کوشش کی تھی۔