رسائی کے لنکس

ملازمہ سے زیادتی کی کوشش کے الزام میں آئی ایم ایف کے سربراہ گرفتار


ملازمہ سے زیادتی کی کوشش کے الزام میں آئی ایم ایف کے سربراہ گرفتار
ملازمہ سے زیادتی کی کوشش کے الزام میں آئی ایم ایف کے سربراہ گرفتار

نیویارک پولیس نے بتایا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے سربراہ ڈومینک اسٹراس کان کو ہوٹل کی ایک ملازمہ کی شکایت پر مجرمانہ جنسی حملے، زیادتی کی کوشش اور کسی شخص کو غیر قانونی تحویل میں رکھنے کے الزامات میں گرفتار کر لیا ہے۔

برطانوی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اسٹراس کان کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے موکل الزامات کا دفاع کریں گے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ آئی ایم ایف کے سربراہ کو اتوار کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

اس سے قبل نیویارک پولیس کے ترجمان پال براؤن نے بتایا تھا کہ تفتیش کاروں نے ہفتہ کی شب آئی ایم ایف کے سربراہ سے پوچھ گچھ کی۔ حکام کا کہنا تھا کہ فرانس سے تعلق رکھنے والے ڈومینک اسٹراس کان کو ہفتہ کی سہ پہر ہوائی جہاز سے اْس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ پیرس روانگی کے لیے بالکل تیار تھا۔

پولیس کے مطابق سوفیٹل ہوٹل کی ایک 32 سالہ ملازمہ نے بتایا کہ ہفتے کی دوپہر جب وہ آئی ایم ایف کے سربراہ کے کمرے کی صفائی کے لیے پہنچیں تو ڈومینک اسٹراس کان برہنہ حالت میں غصل خانے سے نکلے اور اْنھیں جنسی فعل پر مجبور کرنے کی کوشش کی۔ ملازمہ نے وہاں سے بھاگ کر اپنے ساتھیوں کو اس واقعہ کے بارے میں بتایا جنھوں نے پولیس کو اطلاع دی۔

نیویارک پولیس کا کہنا ہے کہ جب اہلکار ہوٹل پہنچے تو اسٹراس کان اپنا موبائل فون اور دوسری ذاتی اشیاء کمرے میں ہی چھوڑ کر ہوائی اڈے روانہ ہو چکے تھے۔ ملازمہ کو ایک مقامی ہسپتال میں طبی امداد بھی فراہم کی گئی۔

سابق فرانسیسی وزیر خارجہ اسٹراس کان نے نومبر 2007ء میں آئی ایم ایف کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا اور توقع کی جا رہی تھی کہ وہ آئندہ سال ہونے والے صدارتی انتخابات میں موجودہ صدر نیکولا سارکوزی کے اہم مدمقابل ہوں گے۔

بعض افراد کا کہنا ہے کہ مسٹر سارکوزی نے اسٹراس کان کو فرانسیسی سیاست سے دور رکھنے کے لیے اْن کی بطور آئی ایم ایف ڈائریکٹر نامزدگی کی حمایت کی تھی۔

اسٹراس کان نے ایک معروف فرانسیسی ٹی وی رپورٹر سے شادی کر رکھی ہے تاہم وہ ماضی میں بھی جنسی اسکینڈلز میں ملوث رہے ہیں۔ 2008ء میں اْنھوں نے اپنی ایک ماتحت سے تعلقات پر معافی مانگی تھی۔

XS
SM
MD
LG