امریکی صدر براک اوباما نے کہاہے کہ یہ ایک ایسا وقت ہے کہ کانگریس کے ارکان کو اپنے سیاسی مفاد کو ایک طرف رکھ کر ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کرنے کےلیے امریکی معیشت کی بحالی کی کوششوں میں مدد کرنا چاہیے۔
ہفتے کے دن اپنے ہفتہ وار خطاب میں مسٹر اوباما نے کہا کہ امریکیوں کی ایک بڑی تعداد کچھ مالی وسائل حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو ٹیکس کٹوتیوں کے حوالے سے ایسے اقدامات کرنے چاہیں جس سے ایک امریکی خاندان سالانہ اوسطاً ایک ہزار ڈالر بچا سکے۔
صدر اوباما نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ کانگریس ملک کی بہتری کے لیے کوئی مشترکہ راہ ڈھونڈ لے گی۔
ری پبلیکن پارٹی کی جانب سے ہفتہ وار خطاب میں سینیٹر پیٹ ٹومی نے معاشی تعطل اور بہت کم تعداد میں نئی ملازمتیں پیدا ہونے کا الزام اوباما انتظامیہ کی پالیسیوں پر ڈالا۔
ٹومی نے کہا کہ نئی ملازمتیں پیدا کرنے کے سلسلے میں بہت زیادہ سرکاری قواعد وضوابط کی موجودگی کاروباری افراد کی راہ روک رہی ہے۔