امریکہ میں مئی کے دوران موٹر گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں کمی ہوئی جس کا اثر صارفین کی سرگرمیوں کے قومی انڈکس پر بھی ظاہر ہوا۔
منگل کے روز امریکی محکمہ تجارت کی طرف سے جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موٹر گاڑیوں کی فروخت میں کمی جاپان میں سونامی اور تابکاری کے اخراج کے واقعات کے بعد گاڑیوں کے پرزوں کی برآمد میں کمی کے نتیجے میں ہوئی۔
گذشتہ ایک سال کے دوران امریکہ میں پرچون کی سطح پر فروخت میں یہ پہلی کمی ہے۔ اقتصادی ماہرین کا کہناہے کہ امریکہ کی معاشی سرگرمیوں میں صارفین ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ایک اور رپورٹ کے مطابق تھوک کی سطح پر قیمتوں میں معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ تاہم یہ اضافہ اس سے قبل کے مہینوں سے کم تھا جس کی وجہ کھانے پینے کی چیزوں میں کمی اور پٹرول کی قیمت میں قدرے اضافہ تھا۔
بدھ کو ملک میں افراط زر کی تازہ ترین صورت حال پر رپورٹ متوقع ہے۔ مختلف ذرائع ابلاع کے تحت کرائےجانے والے سروے میں ماہرین نے آنے والے دنوں میں قیمتوں میں درمیانے درجے کے اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔