امریکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ وہائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف راہم امینیوئل جمعہ تک یہ اعلان کر سکتے ہیں کہ آیا وہ آئندہ برس شکاگو کے میئر کے انتخاب میں حصہ لینے کے لیے اپنے موجودہ عہدے سے استعفیٰ دیں گے یا نہیں۔
چیف آف اسٹاف کے قریبی ذرائع کے مطابق ایمینوئل نے اس اقدام کے اپنے خاندان پر ممکنہ اثرات کے پیش نظر تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
رواں ماہ شکاگو کے حالیہ میئر رچرڈ ڈیلی نے اعلان کیا تھا کہ وہ ساتویں مرتبہ یہ عہدہ حاصل کرنے کے لیے انتخاب میں حصہ نہیں لیں گے جس کے بعد ان قیاس آرایوں میں اضافہ ہو گیا کہ ایمینوئل امریکی صدر براک اوباما کی انتظامیہ سے علیحدگی اختیار کر لیں گے۔
ماضی میں امریکی ریاست الینوائے سے کانگریس کے رکن رہنے والے ایمینوئل ایک عرصے سے اپنے آبائی شہر کے میئر بننے کی خواہش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔
پیر کے روز ملک گیر پیمانے پر نشر کیے گئے ایک انٹرویو میں صدر اوباما نے کہا تھا کہ ایمینوئل کو انتخابی مہم کے آغاز کے لیے جلد ہی چیف آف سٹاف کے عہدے سے مستعفی ہونا ہوگا۔