امریکی صدر براک اوباما نے اپنے ایک دیرینہ ساتھی پیٹر روز کی چیف آف اسٹاف کے عہدے پہ عبوری تعیناتی کا اعلان کیا ہے۔
صدر بارک اوباما کی طرف سے نئی تعیناتی کا اعلان اس اطلاع کے بعد سامنے آیا ہے کہ ان کے موجودہ چیف آف اسٹاف راہم ایمانوئل جمعہ کے روز اپنے عہدے سے سبکدوش ہورہے ہیں۔ ایمانوئل نے اپنے آبائی شہر شکاگو کے میئر کا انتخاب لڑنے کیلیے چیف آف اسٹاف کے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
صدر اوباما نے جمعہ کے روز مسائل کے حل کیلیے شہرت رکھنے والے اپنے سینئر ساتھی 64 سالہ پیٹر روز کو چیف آف اسٹاف کے اہم عہدے پہ تعینات کرنے کا اعلان کیا۔ روز کی تعیناتی کا اعلان کرتے ہوئے صدر اوباما نے انہیں اپنا"ذہین، قابلِ اعتماد اور تجربہ کار" رفیق قرار دیتے ہوئے مسائل کے حل تلاش کرنے کی ان کی صلاحیتوں کی تعریف بھی کی۔
اس موقع پہ صدر اوباما نے سبکدوش ہونے والے چیف آف اسٹاف راہم ایمانوئل کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ایک مثالی رہنما قرار دیا۔