سابق امریکی خاتون اول بیٹی فورڈ 93 سال کی عمر میں انتقال کرگئی ہیں۔ خاندان کے ذرائع کے مطابق ان کا انتقال جمعے کی شام کو ہوا تھا۔ بیٹی فورڈ خواتین کے حقوق کی علمبردار تھیں اور اس کے ساتھ ساتھ وہ بریسٹ کینسر پر تحقیق اور اس بارے میں شعور آگہی پیدا کرنے کی کوششوں میں پیش پیش رہیں۔
مسز فورڈ 1918ء میں شکاگو میں پیدا ہوئی تھیں۔ تقریباً بیس سال کی عمر میں وہ نیویارک چلی گئیں جہاں انہوں نے ایک رقاصہ اور ماڈل کے طورپر کام کیا۔
سابق آنجہانی صدر جیرلڈ فورڈ ان کے دوسرے شوہرتھے۔ دونوں کی شادی 1948 ء میں آنجہانی فورڈ کے کانگریس کا رکن منتخب ہونے کے تھوڑے ہی عرصے کے بعد ہوگئی تھی۔
1974ء میں واٹرگیٹ اسکینڈل کے باعث صدر رچرڈ نکس کے مستعفی ہونے کے بعد جیرلڈ فورڈ اور بیٹی فورڈ وہائٹ ہاؤس منتقل ہوگئے
امریکی خاتون اول کی حیثیت سے بیٹی فورڈ نے خواتین کے حقوق کے لیے اپنی کوششوں اور اسقاط حمل کے سلسلے میں اپنے نظریات کی بنا پر شہرت حاصل کی۔
وہائٹ ہاؤس میں قیام کے دوران ہی ان میں چھاتی کے سرطان کی تشخیص ہوئی تھی ، جس کے بعد انہوں نے بریسٹ کینسر کی تحقیق اور اس کےبارے میں آگہی پیدا کرنے کی مہم کی قیادت کی۔