امریکہ میں پیر کو وطن کے لیے جانیں قربانیں کرنے والے ہزاروں فوجیوں کی یاد میں 'میموریل ڈے' منایا جا رہا ہے لیکن کرونا کی وبا کے باعث اس دن کی کئی تقریبات منسوخ یا محدود کردی گئی ہیں۔
میموریل ڈے کے موقع پر امریکہ بھر میں عام تعطیل ہے اور قومی پرچم پیر کو مسلسل چوتھے روز بھی سرنگوں ہے۔ اس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا کی وبا کا شکار ہو کر اپنی جان سے جانے والے ہزاروں امریکیوں کی یاد میں جمعے سے اتوار تک تین دن کے لیے ملک بھر میں پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
امریکہ میں ہر برس مئی کا آخری پیر ملک کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے امریکی مرد و خواتین فوجیوں کی یاد میں 'میموریل ڈے' کے طور پر منایا جاتا ہے۔
اس دن کی مناسبت سے امریکہ بھر میں خصوصی تقریبات منعقد ہوتی ہیں، پریڈز کا انعقاد کیا جاتا ہے اور فوجیوں کی قبروں پر پھول نچھاور کیے جاتے ہیں۔
لیکن اس بار امریکی قوم یہ میموریل ڈے ایسے موقع پر منا رہی ہے جب ملک بھر میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں ایک لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہیں۔ وبا سے مرنے والوں میں ایک ہزار سے زائد سابق فوجی اہلکار بھی شامل ہیں۔
کرونا سے ہونے والی ہلاکتوں اور متاثرہ مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے امریکہ دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے جہاں اب تک اس وائرس سے 97 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
کرونا کے باعث پیر کو میموریل ڈے کی بیشتر عوامی تقریبات یا تو منسوخ کردی گئی ہیں یا انہیں محدود کردیا گیا ہے۔
Your browser doesn’t support HTML5
تاہم وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ حسبِ روایت آنجہانی فوجیوں کی یادگار پر پھول نچھاور کرنے واشنگٹن ڈی سی کے نواح میں واقع آرلنگٹن کے قومی قبرستان جائیں گے۔
بعد ازاں صدر ٹرمپ بالٹی مور میں واقع فورٹ مک ہنری جائیں گے جہاں امریکہ اور برطانیہ کے درمیان ہونے والے 1812 کی جنگ کے دوران ایک اہم لڑائی ہوئی تھی۔
بالٹی مور کے میئر جیک ینگ نے صدر ٹرمپ سے اپیل کی ہے کہ وہ بالٹی مور نہ آئیں۔ میئر کے بقول انہوں نے شہریوں سے کرونا وائرس کے پیشِ نظر میموریل ڈے پر سفر نہ کرنے کی اپیل کی ہے اور ایسے میں صدر کے دورے سے شہریوں کو غلط پیغام جائے گا۔
امریکہ میں میموریل ڈے کو گرمیوں کی سالانہ تعطیلات کا آغاز بھی سمجھا جاتا ہے۔ لیکن کرونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں، سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایات اور وبا کے باعث معیشت پر پڑنے والے اثرات اور لاکھوں امریکیوں کے بے روزگار ہونے کی وجہ سے اس بار خدشہ ہے کہ تعطیلات کا یہ موسم ماضی سے بڑی حد تک مختلف اور نسبتاً خاموشی سے گزرے گا۔
ماہرینِ صحت اور حکام نے میموریل ڈے کی تعطیلات کے دوران ساحلِ سمندر اور دیگر تفریحی مقامات کا رخ کرنے والے امریکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر صورت سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور عوامی مقامات پر ماسک ضرور پہنیں۔