رسائی کے لنکس

نیویارک: لاک ڈاؤن میں جزوی نرمی سے وبا میں تیزی کے خدشات


نیویارک میں پابندیاں نرم ہونے کے بعد لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے پارکوں کا رخ کیا، جب کہ حکام احتیاط برتنے کا مشورہ دے رہے ہیں
نیویارک میں پابندیاں نرم ہونے کے بعد لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے پارکوں کا رخ کیا، جب کہ حکام احتیاط برتنے کا مشورہ دے رہے ہیں

نیویارک کے گورنر نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ کرونا وائرس کے نئے کیسز زیادہ تر ان لوگوں کے ہیں جو عام طور پر خریداری کرنے، سماجی سرگرمیوں میں حصہ لینے یا ورزش کرنے کے لیے اپنے گھروں سے باہر نکل رہے ہیں، نہ کہ یہ وہ لوگ ہیں جو ضروری شعبوں میں کام کے لیے جاتے ہیں۔

ہفتے کے روز معمول کی پریس کانفرنس کے دوران گورنر کومو کا کہنا تھا کہ گھروں سے باہر نکلنے والے لوگ وائرس میں مبتلا ہو کر اسپتال میں چلے گئے یا کسی شخص کو انفکشن ہوا اور وہ اپنے گھر چلا گیا اور اس نے خاندان کے باقی لوگوں کو بھی بیمار کر دیا۔

ریاست کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ریاست بھر میں روزانہ 2100 سے 2500 کے درمیان نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں، جب کہ جمعے کے روز یہ گنتی 2762 تھی جو ہفتے کو کم ہو کر 2419 پر آ گئی۔

گورنر کومو نے بتایا کہ نئے کیسز ان لوگوں میں کم ہو رہے ہیں جو ایمرجینسی ورکرز ہیں، جب کہ وائرس ان لوگوں میں زیادہ سامنے آ رہا ہے جو عام افراد ہیں۔

گورنر نے بتایا کہ کرونا پازیٹو افراد کے ساتھ رابطے میں آنے والوں کا کھوج لگانے کے لیے نیویارک میں ہزاروں کارکنوں کو بھرتی کیا گیا ہے، تاکہ انہیں قرنطینہ میں رکھ کر دوسرے لوگوں کو مہلک وائرس میں مبتلا ہونے سے بچایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ رابطے میں آنے والے لوگوں کو ڈھونڈنے کا کام بہت بڑا اور بہت ہی مشکل ہے۔

گورنر نے بتایا کہ ہم نے جمعے کے روز سے شہر کے دس علاقوں میں سے پانچ علاقے کھولنے کی اجازت دے دی ہے، تاکہ وہاں کاروبار شروع کیے جا سکیں۔ لیکن یہ ضروری ہے کہ کھولے جانے والے علاقوں میں آبادی کے لیے لحاظ سے کارکنوں کی تعناتیاں کی جائیں، جو پازیٹو ٹیسٹ والوں کے ساتھ رابطے میں آنے والوں کو ڈھونڈ سکیں۔

نیویارک تقریباً 84 لاکھ آبادی کا ملک کا ایک بڑا شہر ہے۔ شہر کے مین ہیٹن، ہلی وڈز اور فارم لینڈ کے علاقے سب سے زیادہ متاثرہ ہیں اور وہ کوویڈ 19 کے مرکز بنے ہوئے ہیں، جب کہ ریاست کے دیہی علاقوں میں حالت اتنی خراب نہیں ہے۔

عالمی وبا سے امریکہ بھر میں ہونے والی کل اموات89000 کے کم از کم تیسرے حصے کا تعلق نیویارک سے ہے، جب کہ شہر میں نئے مریضوں کی تعداد مسلسل گھٹ رہی ہے۔ اس وقت نیویارک کے اسپتالوں میں کرونا وائرس کے زیرعلاج مریضوں کی تعداد 6220 ہے، جو ایک مہینہ پہلے کے مقابلے میں ایک تہائی ہے۔

نیویارک کے جن پانچ علاقوں میں پابندیاں نرم کی گئی ہیں، ان میں سینٹرل اور اپ سٹیٹ کے علاقے شامل ہیں۔ وہاں پر تعمیرات کے شعبے اور فیکٹریوں کو کام کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ کاروبار جزوی طور پر کھولے گئے ہیں اور انہیں یہ کہا گیا ہے کہ لوگ اسٹور کے اندر داخل نہیں ہوں گے، وہ گھر سے آرڈر کریں گے اور دکان کے باہر سے اپنا آرڈر موصول کریں گے۔

نیویارک نے میموریل ڈے کے موقع پر نیوجرسی، کنیٹی کٹ اور ڈیلاویئر کی طرح 23 سے 25 مئی تک سمندری تفریحی گاہیں کھولنے کی اجازت دی ہے۔ گورنر کومو کا کہنا ہے کہ ہم وہاں بھیٹر نہیں چاہتے۔ ہم دیکھیں گے کہ لوگ کس طرح کے طرز عمل کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

انہوں نے پریس میں گفتگو کے دوران نیویارک والوں کو انتباہ کیا کہ انہیں کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے ساتھ وبا میں اضافے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

XS
SM
MD
LG