خلیج میکسیکو سے تیل کا بہاؤ اگلے ہفتے تک رک جائے گا: برٹش پٹرولیم

برٹش پٹرولیم کمپنی کے عہدے داروں نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ خلیج میکسیکو میں زیر زمین کنوئیں کے حادثے کے نتیجے میں بہنے والے تیل کو اگلے ہفتے روکنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

وائس آف امریکہ پر نشر کیے جانے والے اپنے ایک انٹرویو میں برٹش پٹرولیم کے ترجمان نے بتایا کہ کمپنی اتوار یا پیر سے کنوئیں میں مکسچر ڈالنے کاکام شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس سے یہ امکان ہے کہ تیل بہنا بند ہوجائے گا۔

بی پی کے ترجمان جن کری نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ کنوئیں میں مکسچر تقریباً 40 بیرل فی منٹ کی شرح سے ڈالا جائے گا جس سے توقع ہے تیل کا بہاؤ بند ہوجائے گا ۔


اسی اثنا میں اوباما انتظامیہ نے برٹش پٹرولیم کو تیل بہنے سے متعلق تمام مواد جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسے اپنی پبلک ویب سائٹ پر شائع کرے اور اسے روزانہ اپ ڈیٹ کرے۔ جمعرات کے روز اپنے ایک مراسلے میں ماحول کے تحفظ سے متعلق امریکی ادارے کی ایڈمنسٹریٹرلیزاجیکسن اور ہوم لینڈ سیکیورٹی کے سیکرٹری جینٹ نیپولیٹانونے کہا کہ کمپنی اس حوالے سے لوگوں کومناسب معلومات فراہم نہیں کرسکی ہے۔