پاک افغان امریکہ سہ فریقی مذاکرات ملتوی

پی جے کرولی (فائل فوٹو)

ڈیوس کا کہناہے کہ وہ دو مسلح ڈاکوؤں کے خلاف اپنا دفاع کررہاتھا جب کہ لاہور پولیس کے سربراہ نے اسے بے رحمانہ قتل کا واقعہ قراردیا ہے

امریکی محکمہ خارجہ نےاسلام آباد کےساتھ ایک امریکی سفارت کار کی گرفتاری کےتنازع پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث، پاکستان اور افغانستان کے ساتھ سہ فریقی مذاکرات ملتوی کردیے ہیں۔

ہفتے کے روز اپنے ایک بیان میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان فلپ کرولی نے کہا کہ 23 اور 24 فروری کی سہ فریقی کانفرنس ملتوی کرنے کی وجہ پاکستان کی سیاسی تبدیلیاں ہیں۔

بیان میں مزید کوئی تفصیل نہیں دی گئی ، مگر یہ اعلان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایک امریکی سفارت کار کو، جس پر لاہور میں دو افراد کو ہلاک کرنے کا الزام ہے، مسلسل حراست میں رکھا جارہاہے۔

امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کو دو ہفتے سے زیادہ عرصہ پہلے گرفتار کیا گیاتھا۔ اتوار کے روز ایک پاکستانی عدالت نے اس کی حراست میں مزید14 دن کی توسیع کردی تھی۔

ڈیوس کا کہناہے کہ وہ دو مسلح ڈاکوؤں کے خلاف اپنا دفاع کررہاتھا جب کہ لاہور پولیس کے سربراہ نے اسے بے رحمانہ قتل کا واقعہ قراردیا ہے۔

امریکہ کا کہناہے کہ ڈیوس کو سفارتی استثنیٰ کا تحفظ حاصل ہے اور یہ کہ پاکستان کو اس استثنیٰ کے تحت بین الاقوامی اور پاکستانی قوانین پر عمل کرنا چاہیئے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس نے پاکستان کے سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر کے ہفتے کے روز کے ایک بیان کےحوالے سے کہا ہے کہ ڈیوس کے مقدمے پر واشنگٹن کی جانب سے اسلام آباد پر کسی قسم کے دباؤ بے فائدہ ہوگا۔